vosa.tv
Voice of South Asia!

شکاگو میں پاکستانی نژاد فزیشنز سوسائٹی کا سالانہ گالا، بچوں کے علاج کے لیے فنڈز جمع

0

پاکستانی نژاد فزیشنز سوسائٹی آف الینوائے کے زیر اہتمام شکاگو میں سالانہ میٹنگ اور گالا منعقد ہوا، جس میں پاکستان میں بچوں کو ہنگامی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے فنڈ ریزنگ کی گئی۔

شیرٹن گرینڈ شکاگو میں ہونے والی تقریب میں 500 سے زائد پاکستانی نژاد ڈاکٹرز، سوسائٹی کے ارکان، کمیونٹی رہنماؤں اور عہدیداروں نے شرکت کی، جبکہ پاکستانی قونصلیٹ کے نمائندے زمان مہدی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔صدر ڈاکٹر شاہد احسن کی سربراہی میں منعقدہ تقریب کا آغاز ڈاکٹر ذہاب احسن کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جبکہ شہتیار احسن نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ عانیہ احسن نے پاکستان اور امریکا کے قومی ترانے پیش کیے۔اس سال کا گالا چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان کے سرکاری اسپتالوں میں بچوں کے لیے مفت اور 24 گھنٹے ہنگامی طبی سہولیات کی فراہمی میں معاونت کے لیے فنڈز جمع کرنا تھا۔تقریب میں سوسائٹی کی کمیونٹی خدمات اور صحت عامہ کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ ڈاکٹر ساجدہ آرائیں نے کمیونٹی رابطہ پروگرامز، پناہ گاہوں کے لیے کھانے اور پناہ گزین بچوں کے لیے تعلیمی معاونت کے اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ ڈاکٹر سہیل خان نے شکاگو اور الینوائے کے مختلف علاقوں میں مفت طبی کلینکس کی خدمات اور سوسائٹی کی سرگرمیوں پر گفتگو کی۔ڈاکٹر ارم احمد نے کراچی میں ذیابیطس کے لیے ٹیلی میڈیسن سمیت مختلف صحت عامہ کے منصوبوں کا ذکر کیا، جبکہ صدر ڈاکٹر شاہد احسن نے نئے ضوابط، قواعد و ضوابط اور جدید ویب سائٹ کے ذریعے سوسائٹی کے وسائل کو مزید منظم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ڈاکٹر عمر عتیق نے اپنے کلیدی خطاب میں طب کے شعبے میں انسانی تعلق، خدمت اور رہنمائی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے لیے مختص نشست میں پاکستان میں بچوں کی ہنگامی طبی نگہداشت اور ٹیلی میڈیسن نیٹ ورک کے ذریعے فراہم کی جانے والی سہولیات پر بھی گفتگو کی گئی۔تقریب میں کمیونٹی کے لیے خدمات انجام دینے والے متعدد ڈاکٹروں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ معروف گلوکاروں شیراز اپل اور فیضان شیخ نے اپنی پرفارمنس سے محفل کو یادگار بنایا، جبکہ ڈبکے ڈانسنگ گروپ نے خصوصی ثقافتی رقص پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر شرکا کے لیے لائیو باربی کیو، فالودہ اور پان کا بھی اہتمام کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.