سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش
ریاض: سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ مکہ مکرمہ اور دارالحکومت ریاض میں تیز بارش کے باعث کئی علاقوں میں سڑکیں اور شاہراہیں زیرِ آب آگئیں۔
مکہ مکرمہ میں بارش کے بعد موسم میں نمایاں بہتری آئی، جبکہ مسجد الحرام میں بھی بارانِ رحمت خوب برسی۔ بارش کے دوران عمرہ زائرین نے طوافِ کعبہ جاری رکھا اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ریاض میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، جبکہ مختلف علاقوں میں بارش کے باعث نشیبی مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔ شہریوں اور مقیم افراد نے خوشگوار موسم سے لطف اٹھایا۔سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ جمعے تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ متاثر ہونے والے علاقوں میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، طائف، ابہا، الباحہ اور حائل سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔سعودی حکام نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بارش کے دوران احتیاط برتنے، نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور ممکنہ خطرات سے محفوظ رہنے کی ہدایت کی ہے۔