vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: 95 فیصد بڑی عمارتیں ماحولیاتی قوانین پر عمل پیرا

0

 نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے شہر بھر میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق مقامی قانون 97 کے تحت 95 فیصد بڑی نجی عمارتیں اخراج کی حد پر پورا اتر رہی ہیں۔

 حکام کے مطابق نیویارک میں عمارتیں شہر کے کل گرین ہاؤس گیس اخراج کا دو تہائی حصہ پیدا کرتی ہیں، اسی لیے انہیں موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ ڈیپارٹمنٹ آف بلڈنگز کے مطابق قانون کے دائرہ کار میں آنے والی تقریباً 20 ہزار نجی عمارتوں میں سے 95 فیصد نے تعمیل رپورٹ جمع کروائی، اور ان میں سے بیشتر نے عمارتی کارکردگی بہتر بنا کر اپنے اخراج کے اہداف حاصل کرلیے۔ میئر ممدانی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی مستقبل کا نہیں بلکہ آج کا مسئلہ ہے، اور نیویارک کی عمارتیں اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے ذمہ داری اور موقع دونوں رکھتی ہیں۔ حکام کے مطابق شہری انتظامیہ نے این وائی سی ایکسیلیریٹر پروگرام دوبارہ فعال کیا ہے، جس سے اپریل سے اب تک تقریباً 700 عمارتوں کو ڈی کاربنائزیشن منصوبوں میں مدد فراہم کی جاچکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شہر کی اپنی عمارتوں کا اخراج 2006 سے 2025 کے دوران 31 فیصد کم ہوا ہے، جو گزشتہ 20 برسوں میں سب سے کم سطح ہے۔ شہر نے 222 مقامات پر تقریباً 36 میگاواٹ شمسی توانائی نصب کی ہے، جن میں 138 اسکول شامل ہیں، جبکہ 78 مزید اسکولوں میں شمسی توانائی کی تنصیب جاری ہے۔ نیویارک سٹی ہاؤسنگ اتھارٹی کے مطابق اگلے پانچ برسوں میں 20 ہزار اپارٹمنٹس میں صاف اور موثر حرارتی و کولنگ سسٹم نصب کیے جائیں گے، جبکہ ڈیپارٹمنٹ آف ہاؤسنگ پریزرویشن اینڈ ڈویلپمنٹ نے سستی رہائش کی 60 عمارتوں کو ماحول دوست معیار کے مطابق تعمیر کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.