امریکا میں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ میں تیزی سے ہونے والی نئی بھرتیوں کے دوران امیدواروں کی مناسب چھان بین نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق آئی سی ای کے ایک سابق عہدیدار نے خبردار کیا تھا کہ بنیادی سیکیورٹی چھان بین مکمل کیے بغیر بڑی تعداد میں نئے اہلکاروں کو بھرتی کیا جا رہا ہے، جس سے ادارہ اندرونی خطرات اور غیر ملکی اثر و رسوخ کا شکار ہوسکتا ہے۔وہسل بلوئر کی شکایت کے مطابق بعض امیدواروں کو فنگر پرنٹس، شناخت کی تصدیق اور مالی ریکارڈ کی مکمل سیکیورٹی ہونے سے پہلے ہی ملازمت کی پیشکش کی گئی، جبکہ کچھ افراد نے پسِ منظر کی مکمل تحقیقات سے قبل تربیت بھی شروع کردی۔آئی سی ای نے گزشتہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں 12 ہزار نئے اہلکار بھرتی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اے پی کی تحقیقات کے مطابق بعض نئے بھرتی ہونے والے افراد کے ماضی میں مالی مشکلات، ملازمت کے دوران مبینہ بدعنوانی اور مشکوک ملازمت ریکارڈ بھی سامنے آئے ہیں۔