vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکہ:نشے اور ذہنی صحت کے بحران سے نمٹنے کے لیے77ملین ڈالر کی نئی گرانٹ کا اعلان 

0

امریکا میں نشے، ذہنی دباؤ اور خودکشی کے بڑھتے مسائل سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت و انسانی خدمات نے ملک بھر میں روک تھام، علاج، ذہنی صحت اور ہنگامی خدمات کو مضبوط بنانے کی مد میں77ملین ڈالر کی نئی گرانٹس کا اعلان کردیا ہے۔

امریکی حکومت نے نشے اور ذہنی صحت سے متعلق مسائل پر قابو پانے کے لیے مختلف شعبوں کے لیے فنڈز مختص کر دیے ہیں، تاکہ لوگوں کو مسئلہ سنگین ہونے سے پہلے مدد فراہم کی جا سکے۔اعلان کردہ رقم میں 22ملین ڈالر نشے کے استعمال کی روک تھام کے منصوبوں کے لیے رکھے گئے ہیں۔ ان پروگراموں کے ذریعے مختلف کمیونٹیز اور قبائلی علاقوں میں نشے کے خطرات کم کرنے، بالخصوص نوجوانوں کے لیے حفاظتی اقدامات مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔جبکہ 23.6ملین ڈالر نشے کے علاج اور صحت یابی کی خدمات کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ اس میں ابتدائی تشخیص، علاج تک رسائی اور طویل مدتی بحالی کے پروگرام شامل ہوں گے۔ذہنی صحت کے لیے بھی 21.8ملین ڈالر رکھے گئے ہیں۔ ان فنڈز سے نوجوانوں، خاندانوں اور ایسے افراد کی مدد کی جائے گی جو جرائم، تشدد اور دیگر مشکل حالات سے متاثر ہوئے ہیں۔خودکشی سے بچاؤ اور ہنگامی خدمات کے لیے مزید 9.4ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جن میں 988 سوسائیڈ اینڈ کرائسز لائف لائن سے رابطہ کرنے والے افراد کو مسلسل مدد فراہم کرنے کے لیے ساڑھے 7.5ملین ڈالر شامل ہیں۔امریکی حکام کے مطابق اس سرمایہ کاری کا بنیادی مقصد صرف بیماری یا نشے کا علاج کرنا نہیں، بلکہ مسائل کو شدت اختیار کرنے سے پہلے روکنا، ضرورت مند افراد تک بروقت مدد پہنچانا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مستقل صحت یابی کی طرف لانا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ نئی گرانٹس کے ذریعے کمیونٹیز کو ایسے وسائل فراہم کیے جائیں گے جو نشے، ذہنی صحت کے بحران اور خودکشی جیسے سنگین مسائل سے نمٹنے میں عملی مدد دے سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.