بروکلین کی مکی مسجد میں محفلِ میلاد کا اہتمام
منہاج القران یو ایس اے کے زیر اہتمام بروکلین کی مکی مسجد میں محفلِ میلاد کا اہتمام کیا گیا۔برطانیہ سے آئے ہوئے اسلامک اسکالر محمد ذیشان نے کہا کہ بچوں کی تربیت ایسے کریں کہ ان کے دل میں اسلام کی رغبت پیدا ہو۔
سرورِ کونین کی ولادتِ باسعادت کی خوشی میں کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع مکی مسجد میں منہاج القران کے زیر اہتمام منعقدہ محفلِ میلاد میں اہلِ علاقہ اور کمیونٹی کی بڑ ی تعداد شریک ہوئی ۔ لند ن سے آئے ہوئے مذہبی اسکالر محمد ذیشان نے سیرت النبی پر روشنی ڈالی ۔ ان کا کہنا تھا کہ درسِ قران میں ایسی تفاسیر بیان کریں جس سے کسی کے بھی دل میں شک پیدا نہ ہو، ہم سب کو اس پر غور کرنا چاہیے کہ آج کے بچوں اور نوجوانوں کی دین سے رغبت اور دلچسپی کیو ں نہیں رہی؟محفلِ میلاد کے شرکا نے اسکالر محمد ذیشان کا فکر انگیز خطاب بہت توجہ سے سماعت کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہر مسلمان رو ز مرہ کی زندگی میں کسی نہ کسی ایسے مسائل کا شکار ہوتا ہے جس کا حل دینی تعلیمات میں موجود ہے لیکن رجحان ایسا بن گیا ہے کہ وہ علما سے رجوع ہی نہیں کرنا چاہتے۔علامہ محمد ذیشان نے اپنے خطاب میں نوجوانوں پر زو ر دیا کہ وہ دین کو سمجھنے کی کوشش ضرور کریں ۔اس موقع پر بارگاہِ رسالت میں عقیدت کے طور پر درود و سلام پڑھا گیا ۔اس موقع پر پر امتِ مسلمہ کی ترقی و خوشحالی ، کامیابی اور پوری دنیا میں امن وامان کے قیام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔محفلِ میلاد کے اختتام پر ملک کفایت، ملک الیاس اور ملک طارق کی طرف سے حاضرین نے نذر و نیاز اور لنگر تقسیم کیا گیا۔