vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں ٹیکسی ڈرائیورز کے لیے ریلیف کی تجویز، کئی جرمانے ختم کرنے کا منصوبہ

0

 نیویارک میں ٹیکسی اور رائیڈ شیئر ڈرائیورز  بڑا  ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ٹیکسی اینڈ لیموزین کمیشن نے ڈرائیورز پر عائد بعض جرمانے اور فیسیں ختم یا کم کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔

نیویارک سٹی کی ٹیکسی اینڈ لیموزین کمیشن نے بورڈکو شہر کے تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار ٹیکسی اور رائیڈ شیئر ڈرائیورز کو مالی ریلیف دینے کے لیے بعض جرمانے اور فیسیں ختم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔یہ تجویز میئر زوہرن ممدانی کے جاری کیے گئے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت سامنے آئی ہے، جس میں سٹی ایجنسیوں کو چھوٹے کاروباروں پر غیر ضروری مالی اور انتظامی بوجھ کم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔تجویز کے تحت اگر کسی ڈرائیور کا لائسنس لازمی ڈرگ ٹیسٹ دیر سے کرانے کی وجہ سے معطل ہو جائے تو اس پر عائد 200 ڈالر جرمانہ ختم کیا جا سکتا ہے۔اسی طرح گاڑی کا لازمی معائنہ نہ کرانے پر عائد 100 سے 500 ڈالر تک اضافی جرمانے بھی ختم کرنے کی تجویز ہے۔ٹی ایل سی کے مطابق جب ڈرائیور کا لائسنس پہلے ہی معطل ہو جاتا ہے تو وہ کام نہیں کر سکتا اور آمدنی سے محروم رہتا ہے، اس لیے اس کے اوپر مزید مالی جرمانہ عائد کرنا ضروری نہیں۔اجلاس میں بڑی تعداد میں ڈرائیورز نے اس تجویز کی حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جرمانوں اور بڑھتے اخراجات کی وجہ سے پہلے ہی مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ٹی ایل سی کے مطابق گزشتہ مالی سال میں تقریباً 2 ہزار 941 ڈرائیورز کو دیر سے ڈرگ ٹیسٹ کرانے پر 200 ڈالر جرمانہ کیا گیا، جبکہ گاڑیوں کے معائنے سے متعلق 8 ہزار 572 جرمانے کیے گئے۔تجویز میں لائسنس گم یا چوری ہونے کی صورت میں نیا لائسنس حاصل کرنے کی 25 ڈالر فیس اور گمشدگی یا چوری کی اطلاع دینے کی 50 ڈالر فیس ختم کرنے کی بات بھی شامل ہے۔ٹی ایل سی کا اندازہ ہے کہ ان جرمانوں اور فیسوں کے خاتمے سے ڈرائیورز کو مجموعی طور پر تقریباً 9 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی بچت ہوگی۔ٹی ایل سی حکام کے مطابق یہ اقدام ڈرائیورز کے اخراجات کم کرنے کی جانب پہلا قدم ہے۔ اگر تجویز منظور ہوگئی تو نئے قوانین اس سال موسم خزاں میں نافذ کیے جا سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.