ایمیزون نے رواں سال کے اختتام تک امریکا کے تقریباً 500 شہروں میں ڈرون کے ذریعے ہلکے وزن کے پارسل پہنچانے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق صارفین کو 5 پاؤنڈ تک وزن کے پیکجز 30 منٹ میں موصول ہوسکیں گے۔ یہ سروس ابتدائی طور پر بلند عمارتوں اور بڑے ہوائی اڈوں سے دور مضافاتی علاقوں میں متعارف کرائی جائے گی۔اس توسیع کے بعد ایمیزون کی ڈرون ڈیلیوری سروس موجودہ نیٹ ورک کے مقابلے میں 6 گنا سے زائد وسعت اختیار کرے گی اور شکاگو، اٹلانٹا، کلیولینڈ اور بائز سمیت متعدد میٹرو علاقوں تک پہنچ جائے گی۔تاہم درختوں، گھروں کے اطراف موجود رکاوٹوں، موسم، شور اور مقامی ضوابط سمیت کئی چیلنجز اب بھی موجود ہیں۔ ایمیزون کا کہنا ہے کہ اس کا ہدف سال کے اختتام تک 3 کروڑ صارفین تک ڈرون سروس پہنچانا اور اس دہائی کے اختتام تک 50 کروڑ پارسلز ڈرون کے ذریعے ڈیلیور کرنا ہے۔اے پی کے مطابق، پرائم ممبرز کے لیے 50 ڈالر سے زائد کی خریداری پر ڈرون ڈیلیوری مفت ہوگی، جبکہ کم مالیت کے آرڈرز پر 2.99 ڈالر فیس عائد ہوگی۔ نان ممبر سے 4.99 ڈالر وصول کیے جائیں گے۔