ریاض، غیرملکی ملازمین کیلئے 30 جون آخری مہلت
سعودی عرب میں مقیم غیرملکی کارکنوں کے لیے وزارتِ انسانی وسائل و سماجی ترقی کے تحت کام کرنے والے قویٰ (Qiwa) پلیٹ فارم نے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے آجرین کو 30 جون تک کی آخری مہلت دے دی ہے۔
پلیٹ فارم کے مطابق جن کارکنوں کے ورک پرمٹ تین ماہ سے زائد عرصے سے تجدید نہ ہونے کے باعث زائد المیعاد ہیں، انہیں یکم جولائی سے اداروں کے ریکارڈ سے خودکار طور پر خارج کرنا شروع کر دیا جائے گا۔قویٰ کے مطابق آجرین کے پاس 30 جون تک کا وقت ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے ورک پرمٹ کی تجدید کرائیں یا ان کی خدمات کسی دوسرے ادارے کو منتقل کرنے کے لیے تمام ضروری کارروائی مکمل کریں۔ اگر کسی کارکن کا ورک پرمٹ تین ماہ سے زیادہ عرصے تک ایکسپائر رہا تو اس کا اندراج خودکار طور پر منسوخ کر دیا جائے گا، تاہم اس وقت تک آجر تمام واجب الادا فیسوں اور مالی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا پابند ہوگا۔پلیٹ فارم نے وضاحت کی کہ اگر کسی کارکن کا ورک پرمٹ ختم ہو چکا ہو لیکن اس کا اقامہ کم از کم 180 دن کے لیے مؤثر ہو تو مخصوص حالات میں اس کا اندراج برقرار رکھا جا سکتا ہے، چاہے ورک پرمٹ فوری طور پر تجدید نہ کرایا گیا ہو۔ تاہم اگر اقامے کی باقی مدت 180 دن سے کم ہو تو آجر کے لیے اقامہ اور ورک پرمٹ دونوں کی تجدید لازمی ہوگی، بصورت دیگر متعلقہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔