نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے ٹرانس جینڈر اور جینڈر نان کنفارمنگ افراد کے لیے علاج کی سہولیات بڑھانے اور ان کے تحفظ کے لیے 15 ملین ڈالر کے نئے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد وفاقی حکومت کی حالیہ پالیسیوں کے باعث پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے دوران نوجوانوں اور بالغ افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔اس منصوبے کے تحت نوجوانوں کے لیے جینڈر افارمنگ کیئر فراہم کرنے والے مراکز کے لیے خصوصی فنڈ قائم کیا جائے گا، جبکہ ایک نئی کال اور ٹیکسٹ ہیلپ لائن بھی شروع کی جائے گی جہاں شہری علاج، معلومات، مشاورت اور دیگر معاونت حاصل کر سکیں گے۔ میئر ممدانی نے کہا کہ ہر شہری کو اپنی شناخت کے مطابق زندگی گزارنے اور ضروری طبی سہولیات حاصل کرنے کا حق ہے۔ شہری انتظامیہ کے مطابق اس سال کے آخر میں کورونا، کوئنز میں واقع عوامی صحت کے کلینک میں بالغ افراد کے لیے کم یا بغیر کسی فیس کے جینڈر افارمنگ ہارمون تھراپی بھی شروع کی جائے گی، جہاں امیگریشن اسٹیٹس سے قطع نظر تمام اہل افراد علاج حاصل کر سکیں گے۔