vosa.tv
Voice of South Asia!

ایڈمز کا دی آرچز کی تزئین و آرائش کے لیے اضافی فنڈنگ کا اعلان

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے بروکلین برج کے نیچے واقع عوامی مقام "دی آرچز” کے نئے تزئین شدہ حصے کا افتتاح کرتے ہوئے اس مقام کی مزید بہتری کے لیے 50 ملین ڈالر کی اضافی فنڈنگ کا بھی اعلان کیا ہے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، یہ فنڈنگ مالی سال 2026 کے بجٹ میں مختص کی گئی ہے جسے سٹی حکومت کی جانب سے "بیسٹ بجٹ ایور” قرار دیا جا رہا ہے۔ افتتاح کے موقع پر میئر ایڈمز نے کہا کہ عوامی مقامات شہری زندگی کا اہم جز ہیں جہاں خاندان وقت گزارتے ہیں، بچے کھیلتے ہیں اور کمیونٹی ایک دوسرے سے جُڑتی ہے۔ ان کے مطابق، یہ نیا منصوبہ دو ایکڑ سے زائد جگہ کو دوبارہ عوامی استعمال میں لا کر چائنا ٹاؤن اور لوئر مین ہیٹن کی کمیونٹی کو ایک نیا متحرک مقام فراہم کرے گا۔ "دی آرچز” منصوبے کے تحت علاقے میں بیٹھنے کی جگہ، روشنی کا جدید نظام اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ یہ منصوبہ "وی آؤٹسائیڈ سمر” مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد پانچوں بورو میں موسم گرما کے دوران محفوظ، فعال اور تفریحی مقامات کی فراہمی ہے۔ متعلقہ حکام کے مطابق، مذکورہ جگہ گزشتہ دہائی سے بروکلین برج کی مرمت کے لیے کنٹریکٹرز کے استعمال میں رہی، لیکن اب اسے شہری استعمال کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اس مقام پر اب اسکیٹنگ، باسکٹ بال، شفل بورڈ، اور دیگر کھیلوں کے لیے علیحدہ زونز قائم کیے گئے ہیں جبکہ "بروکلین بینکس” جیسے مشہور اسکیٹ بورڈنگ اسپاٹ کو بھی ازسرِنو عوام کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔ شہر کے متعدد اداروں، نجی شراکت داروں اور کمیونٹی تنظیموں نے اس منصوبے میں کردار ادا کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ عوامی جگہوں کو بہتر بنا کر مقامی کاروبار، کمیونٹی کی صحت اور سماجی روابط کو فروغ دے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.