شکاگو : نمل یونیورسٹی کے لیے فنڈ ریزنگ میں 10 طلبا کے لیے اسکالرشپ
شکاگو کے مضافاتی علاقے نیپر ویل میں نمل یونیورسٹی کے لیے ایک شاندار فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان کے مستحق طلباء کو اسکالرشپ فراہم کرنا تھا۔
یہ تقریب نمل اسکالرشپ کلب یو ایس اے کے زیر اہتمام ایمبیسی سویٹ ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں سو سے زائد افراد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد پرنسپل آرگنائزر عثمان کوسر اور ان کی اہلیہ نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ مہمان خصوصی میں سینیٹر ولید اقبال اور معروف سماجی رہنما سجاد برکی شامل تھے، جنہوں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت اور نمل یونیورسٹی کے مشن پر روشنی ڈالی۔تقریب کے دوران شرکاء کو بتایا گیا کہ ایک طالب علم کی سالانہ تعلیمی لاگت ساڑھے 3 ہزار ڈالر اور چار سالہ پروگرام کی مجموعی لاگت 14 ہزار ڈالرہے۔ مقررین نے کہا کہ نمل یونیورسٹی پاکستان کے ہر کونے سے تعلق رکھنے والے ہونہار اور کم وسائل رکھنے والے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کا موقع فراہم کر رہی ہے۔تقریب میں عمران خان کی دستخط شدہ کرکٹ بیٹ، گیند اور تصویر کی نیلامی بھی کی گئی، جس سے حاصل ہونے والی رقم نمل فنڈ میں شامل کی گئی۔ چوہدری منیر اختر، ریحانہ منیر، طلحہ بھٹی، شنیلا علی، اور راحیلہ علی پر مشتمل میزبان کمیٹی نے بھی حاضرین سے فراخدلانہ عطیات دینے کی اپیل کی۔سجاد برکی نے کہا کہ اگر ہم اپنی روزمرہ کی زندگی میں معمولی کفایت شعاری اختیار کریں تو ایک طالب علم کی تعلیم کا بوجھ باآسانی اٹھایا جا سکتا ہے۔
سینیٹر ولید اقبال نے اپنے خطاب میں علامہ اقبال اور عمران خان کے وژن کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں شخصیات کا مشن تعلیم اور قوم کی تعمیر ہے۔
تقریب کے اختتام پر معروف گلوکار علی حیدر کی پرفارمنس نے حاضرین کو محظوظ کیا اور ایونٹ کو یادگار بنا دیا۔ اس موقع پر شکاگولینڈ کی پاکستانی امریکن کمیونٹی کے کئی کاروباری اور سماجی رہنماؤں نے اعلان کیا کہ وہ کم از کم 10 طلباء کو اسکالرشپ دینے کی ذمہ داری اٹھائیں گے۔