امریکا: بل گیٹس کا ایلون مسک پر بچوں کی اموات کا الزام
واشنگٹن(ویب ڈیسک) مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی پالیسیوں کے باعث غریب ممالک کے بچے جان سے جا رہے ہیں۔
بل گیٹس نے الزام لگایا کہ ایلون مسک نے لاعلمی میں کام کرتے ہوئے یو ایس ایڈ (USAID) کے ذریعے امداد دینے والے ایک اہم ادارے کو بند کروا دیا جس کے بعد کئی غریب ممالک میں زندگیاں بچانے والی خوراک اور دوائیں گوداموں میں ضائع ہو رہی ہیں۔ بل گیٹس نے کہا کہ اس اچانک فنڈز کی بندش کے تباہ کن نتائج نکلے ہیں جن میں بچوں کے لیے ضروری دواؤں اور خوراک کی بر وقت ترسیل رک گئی جس کے نتیجے میں خسرہ، ایچ آئی وی، اور پولیو جیسے امراض دوبارہ پھیل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ایلون مسک جا کر ان بچوں سے ملیں جو اب ایچ آئی وی سے متاثر ہو چکے ہیں صرف اس وجہ سے کہ انہوں نے یہ فنڈنگ بند کر دی ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب بل گیٹس نے حال ہی میں اعلان کیا کہ اُن کا گیٹس فاؤنڈیشن 2045 تک مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ اُن کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ 20 سالوں میں اپنی ساری دولت فلاحی مقاصد کے لیے عطیہ کر دیں گے تاکہ دنیا بھر میں زندگیوں کو بچایا جا سکے۔