vosa.tv
Voice of South Asia!

ایران کے لیے جاسوسی کرنے والا امریکی کنٹریکٹر بے نقاب

0

واشنگٹن(ویب ڈیسک) فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کے سابق کنٹریکٹر ابوذر رحمدی نے عدالت میں اعتراف کیا ہے کہ وہ ایران کی حکومت کے لیے بطور ایجنٹ امریکہ میں کام کرتا رہا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، ورجینیا کا رہائشی رحمدی نے بغیر اٹارنی جنرل کو مطلع کیے ایرانی حکومت کی نمائندگی کرنے اور ایک مجرمانہ سازش میں شامل ہونے کا اعتراف کیا۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق، رحمدی نے دسمبر 2017 سے جون 2024 تک ایرانی انٹیلی جنس افسران سے رابطے رکھے، متعدد مرتبہ ان سے ملاقاتیں کیں اور حساس معلومات حاصل کر کے ایران منتقل کیں۔ رحمدی نے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے کنٹریکٹر کے طور پر کام کرتے ہوئے 172 گیگا بائٹس سے زائد حساس ڈیٹا جمع کیا، جس میں ہوابازی کے نظام، ریڈار اور ریڈیو فریکوئنسی معلومات شامل تھیں۔ رحمدی نے ایران میں نہ صرف خود یہ معلومات پہنچائیں بلکہ 2022 میں اپنے بھائی کے ذریعے بھی اہم مواد ایران بھیجا، تاکہ یہ معلومات ایرانی انٹیلی جنس حکام کو فراہم کی جا سکیں۔ ان معلومات میں امریکی سولر انرجی انڈسٹری، ہوائی اڈوں اور ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹمز سے متعلق تفصیلات بھی شامل تھیں۔ رحمدی کو سزا 26 اگست کو سنائی جائے گی۔ وہ غیر ملکی حکومت کا ایجنٹ بننے کے جرم میں زیادہ سے زیادہ 10 سال قید اور سازش کے الزام میں 5 سال قید کی سزا کا سامنا کر رہا ہے۔ حتمی سزا کا تعین وفاقی جج امریکی سزا رہنما اصولوں اور دیگر قانونی عوامل کو مدنظر رکھ کر کرے گا۔ یہ اعلان امریکی محکمہ انصاف کی نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کی سربراہ سو بائی، ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کے اٹارنی ایڈورڈ آر مارٹن جونیئر، اور ایف بی آئی کے کاؤنٹر انٹیلی جنس ڈویژن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رومن روزہاووسکی نے کیا۔ کیس کی تفتیش ایف بی آئی کے واشنگٹن فیلڈ آفس نے کی، جبکہ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے انسداد انٹیلی جنس اور ٹیکنیکل آپریشنز کے دفتر نے بھی اہم معاونت فراہم کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.