vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: سینٹ پیٹرک ڈے کی تقریبات کا آغاز

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی میں سینٹ پیٹرک ڈے کی تقریبات کا آغاز گریسی مینشن میں ہوا، جہاں میئر ایڈمز اور آئرلینڈ کے نائب وزیر اعظم نے خصوصی خطاب کیا۔

آئرلینڈ کے نائب وزیر اعظم نے میئر ایرک ایڈمز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک آئرش کمیونٹی کا ایک اہم مرکز ہے اور یہاں کے لوگ آئرش ثقافت اور روایات کو جوش و خروش سے اپناتے ہیں۔ انہوں نے آئرش تارکین وطن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے لوگ کئی نسلوں سے نیویارک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ففتھ ایونیو پر ہونے والی تاریخی پریڈ میں شرکت کے لیے بے حد پرجوش ہیں، جو دنیا کی قدیم ترین اور مشہور ترین پریڈز میں شمار کی جاتی ہے۔ میئر ایرک ایڈمز نے اپنے خطاب میں نیویارک میں آئرش کمیونٹی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک میں پہلی سینٹ پیٹرک ڈے پریڈ 17 مارچ 1862 میں منعقد ہوئی تھی اور آج یہ امریکہ کی سب سے بڑی پریڈ میں شامل ہو چکی ہے، جس میں لاکھوں لوگ شرکت کرتے ہیں۔ اس سال تقریباً دو ملین افراد پریڈ میں شامل ہوں گے، جبکہ 150,000 شرکاء اس میں حصہ لیں گے۔ میئر نے مزید کہا کہ آئرش شہری نیویارک کے بنیادی اداروں، جیسے پولیس، فائر ڈیپارٹمنٹ اور تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے نیویارک کی اہمیت اور ثقافت کو اس کی اصل طاقت قرار دیا اور کہا کہ تمام برادریوں کے اتحاد سے یہ شہر مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔ سینٹ پیٹرک ڈے کی تقریبات کا اختتام روایتی پریڈ کے ساتھ ہوگا، جس میں ہزاروں افراد شرکت کریں گے، جبکہ نیویارک کی اہم عمارتوں کو آئرش ثقافت کے رنگوں میں سجایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.