نیو یارک میں اکنا ریلیف کی فنڈریزنگ تقریب، دو گھنٹوں میں 6 لاکھ ڈالر عطیات جمع
امریکہ میں مسلمانوں کی سب سے بڑی تنظیم اکناکے زیر اہتمام نیو یارک میں سالانہ فنڈریزنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں صرف دو گھنٹوں میں 6 لاکھ ڈالر کے عطیات جمع کیے گئے۔ اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کے زیراہتمام سالانہ فنڈریزنگ تقریب کے مہمان خصوصی نو مسلم سماجی کارکن شان کنگ تھے، جنہوں نے اپنی زندگی کے سفر اور اسلام سے متاثر ہونے کے بارے میں گفتگو کی ۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ایمن حموس نے بھی شرکاء سے خطاب کیا اور مسلم کمیونٹی میں فلاحی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔تقریب میں نیویارک سٹی اسمبلی کے مسلمان رکن اور میئر شپ کے امیدوارظہران ممدانی نے بھی شرکت کی، جنہوں نےاکنا ریلیف کے کاموں کو سراہتے ہوئے کمیونٹی کے اتحاد اور فلاحی کاموں میں تعاون کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔تقریب میں اکنا نیویارک کے صدر طارق الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کی خدمات پر روشنی ڈالی، جبکہ اکنا ریلیف کے ہیڈ اسحاق اطہر نے بھی فنڈریزنگ اور فلاحی کاموں کی اہمیت پر گفتگو کی۔اس موقع پر اکنا کے ریلیف کاموں کی ڈاکیو مینٹری بھی دکھائی گئی، جبکہ اکنا کے عہدیداران نے تنظیمی امور سے شرکاء کو آگاہ کیا۔تقریب کے دوران ان افراد کو ایوارڈز سے نوازا گیا جنہوں نے مسلم کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔فنڈریزنگ تقریب میں بڑی تعداد میں مسلم کمیونٹی نے شرکت کی اور دل کھول کر عطیات دیے۔ یہ فنڈز امریکہ میں بے گھر افراد، غریب خاندانوں، پناہ گزینوں، اور دیگر ضرورت مند طبقات کی مدد کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔