نیویارک کے میئر ایڈمز کا بڑا بیان
نیویارک(ویب ڈیسک)نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کے سی ای او برائن تھامسن کے قتل کے سلسلے میں اہم پیش رفت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ قاتل کے گرد جال تنگ ہو رہا ہے۔برائن تھامسن امریکہ کی سب سے بڑی ہیلتھ انشورنس کمپنی کے سی ای او تھے، حال ہی میں نیویارک میں ایک مشکوک واقعے میں قتل کر دیے گئے تھے۔ یہ واقعہ شہر کے پوش علاقے میں پیش آیا، جس نے نہ صرف کاروباری حلقوں بلکہ عوامی سطح پر بھی صدمے کی لہر دوڑا دی۔میئر ایڈمز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم قاتل کے قریب پہنچ چکے ہیں، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ انصاف جلد ہوگا۔تفتیش کاروں نے بتایا کہ واقعے سے متعلق اہم شواہد جمع کر لیے گئے ہیں، اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مشتبہ شخص کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے. یہ قتل نہ صرف نیویارک بلکہ ملک بھر میں تشویش کا باعث بن گیا ہے، کاروباری حلقوں نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ دن رات اس کیس پر کام کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک شخص کا قتل نہیں بلکہ شہریوں کے اعتماد اور تحفظ کا معاملہ ہے۔ تحقیقات جاری ہیں، اور امکان ہے کہ جلد ہی پولیس قاتل کو گرفتار کر کے عدالت کے کٹہرے میں لائے گی۔