vosa.tv
Voice of South Asia!

نواز شریف کی تحریکِ انصاف کی کارکردگی پر کڑی تنقید ،اپنے خلاف  سازش کا تذکرہ

0

ہماری حکومت کو چلنے دیا جاتا تو ملک کے حالات بہتر ہوتے،نیویارک میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو

نیویارک(بیورو رپورٹ)مسلم لیگ ن کے سربرہ  نواز شریف کہتے ہیں کہ اگر ان کی حکومت کو چلنے دیا جاتا تو آج ملک کے حالات بہتر ہوتے۔پاکستان کو سنگین چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے۔ یہ باتیں انھوں نے اپنے دورہِ امریکا کے دوران نیویارک میں پارٹی رہنماؤں اور ورکرز سے خطاب میں کہیں ۔مسلم  لیگ ن  کے بانی نواز شریف کی آمد پر پی ایم ایل این امریکا کے صدر روحیل ڈار نے نیویارک کے نجی ہوٹل میں پارٹی رہنماؤں کے درمیان خصوصی ملاقات کا اہتمام کیا۔نواز شریف کےہوٹل پہنچنے پران کا  پرتپاک استقبال کیا گیا اور نعرے بازی بھی کی گئی۔ملاقات میں ن لیگ امریکا کے سینئر نائب صدر میاں فیاض اور امریکا میں مقیم کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔

سینئر رہنما راجہ رزاق نے تقریب کے آغاز پر نعت بطور ہدیہ پیش کی۔اس موقع پر نواز شریف نے ملک میں جاری سیاسی تنازعات، مہنگائی اور معاشی مسائل روشنی ڈالی اور تحریک ِانصاف کی کارگردگی کو  کڑی تنقید کا نشانہ  بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ سارا ملک جانتا ہے کہ میرے خلاف سازش کی  گئی۔ خیبر پختونخواہ کے لوگ پی ٹی آئی قیادت سے پوچھیں کے صوبے کی ترقی کے لیے کیا کیا ہے۔نواز شریف  نے اپنے سابقہ کامیاب منصوبوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے موٹر ویز اور سڑکوں کا جال بچھایا۔ گلگت سے اسکردو ہائی وے منصوبے پر 50 سے 60 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی ۔ اگر ہماری حکومت کو چلنے دیا جاتا تو آج ملک کے حالات کہیں بہتر ہوتے اور عوام بے روزگاری کے عذاب سے محفوظ رہتے۔اس موقع پر پارٹی  ورکرز نے  نواز شریف سے کئی اہم معاملات پر سوالات کیے اور مسائل کی طرف بھی توجہ دلائی۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ  مسلم لیگ (ن) ایک عوامی جماعت ہے اور وہ پاکستان کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی رابطے کو مضبوط بنائیں اور پارٹی کے منشور کو عوام تک پہنچانے میں فعال کردار ادا کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.