امریکی وفد کی سندھ اسمبلی کے اسپیکر اویس قادر شاہ سے ملاقات
کراچی:امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی نے سندھ اسمبلی کے اسپیکر اویس قادر شاہ سے درخواست کی ہے کہ وہ سندھ اور نیویارک کو سسٹر اسٹیٹ بنانے کی قرار داد جلد ازجلد منظور کرلیں۔امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی اور نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فل راموس نے وفد کے ہمراہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر اویس قادر شاہ سے ملاقات کی۔اسمبلی آمد پر اسپیکر نے مہمانوں کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔وفد نے اپنے ارکان کا تعارف کروایا۔چیئرمین اے پی پیک ڈاکٹر اعجاز احمد نے تنظیم کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور حالیہ دورے سے متعلق آگاہ کیا۔اس موقع پر اے پی پیک کی ٹریڈ کمیٹی کے چیئر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہم چاہتے ہیں امریکا اور پاکستان کے درمیان اسٹیٹ لیول پر بھی تعلیم،صحت،تجارت اور ثقافت کو فروغ حاصل ہو جبکہ اطہر ترمذی نے بتایا کہ کس طرح سے پاکستانیوں کو نہ صرف سیاست بلکہ عدلیہ میں بھی اعلیٰ عہدوں پر پہنچایا ہے۔ملاقات کے دوران نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فل راموس نے کہا کہ سیاسی تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے لیکن مختلف شعبوں میں تعاون جاری رہنا چاہیے۔اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے عالمی سطح پر پاکستان کامنفی چہرہ پیش کیا جاتا ہے لیکن ہمیں اپنے اوور سیز پاکستانیوں پر فخر ہے جو بہترین سفارتکاری کا فرض نبھارہے ہیں۔ملاقات کے اختتام پر اسپیکر سندھ اسمبلی نے امریکی قانون سازوں اور اے پی پیک کے وفد کو روایتی سندھی ٹوپی اور اجرک پہنائی اور بعد ازاں انھیں تاریخی اہمیت کی حامل پاکستان کی پہلی قانون ساز اسمبلی کے پرانے اور نئے ایوان کا دورہ بھی کروایا۔