نیویارک میں قتل ہونے والے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کی میت پاکستان روانہ
بروکلین میں واقع مکی مسجد میں نماز جنازہ کے موقع پر قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی سمیت کثیر تعداد میں لوگوں کی شرکت
نیویارک(ویب ڈیسک)نیویارک میں قتل ہونے والے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نوید افضل کی میت نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد تدفین کے لیے پاکستان روانہ کردی گئی ہے۔52 سالہ مقتول نوید افضل کی نمازِ جنازہ بروکلین میں واقع مکی مسجد میں ادا کی گئی جس میں کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی بھی شریک ہوئے،ان کا کہنا تھا کہ مقتول نوید افضل اپنی فیملی کے بہتر مستقبل کے لیے محنت مشقت کررہے تھے اور اس طرح بے رحمی سے قتل کردیے جانے پر ہم سب افسردہ ہیں،مقتول کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں،ان کی میت ان کے آبائی علاقے تک پہنچانے میں مکمل تعاون کریں گے۔ واضح رہے کہ نوید افضل کو چند روز قبل کرایہ طلب کرنے پر سفاک قاتلوں نے سر میں گولی ماردی تھی اور وہ دو دن زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کرگئے تھے۔