میئر نیویارک نے کمپوسٹنگ ٹارگٹ قبل از وقت مکمل ہونے پر فخر کا اظہار کیا
نیویارک:نیو یارک سٹی کے تمام پبلک سکولز کے کیفے ٹیریاز میں کمپوسٹنگ کاٹارگٹ وقت سے پہلے مکمل کر لیا گیا۔ ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن کے چانسلر ڈیوڈ سی بینکس اور ڈیپارٹمنٹ آف سینی ٹیشن کی کمشنر جیسیکا ٹِش کا کہنا ہے کہ ایڈمز انتظامیہ کمپوسٹنگ کے عمل کو کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔اس اقدام کا آغاز دو سال قبل نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز، نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن کے چانسلر ڈیوڈ سی بینکس اور نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف سینی ٹیشن کی کمشنر جیسیکا ٹِش نے کیا تھا۔اسکول کیفت ٹیریاز میں اب پانچ مختلف کنٹینرز رکھے جاتے ہیں۔جہاں لیکوئیڈ کو ڈمپ کرنے کے لیے ، کھانے کے فضلے کے لیے،کمپوسٹ ایبل ٹرے اور برتن،کھانے سے آلودہ کاغذ،دودھ کے کارٹن، سخت پلاسٹک اور دھات کے لیے اور باقی کوڑے دان کے لیے الگ الگ ڈبہ موجود ہے۔جب کنٹینرز بھر جاتے ہیں تو محکماتی عملہ یہ فضلہ اٹھاتا ہے اور اسے ان بند ڈبوں میں ڈال دیتا ہے جو ہر ہفتے کچرہ اٹھانے کے لئے رکھے جاتے ہیں۔

میئر ایڈمز کا کہنا تھاکہ کمپوسٹنگ ہماری جیت ہے۔ یہ لینڈ فلز میں فضلے کو کم کرتا ہے،گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرتا ہے، اور چوہوں کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے۔ میئر ایڈمز نے ملک کے بہترین کمپوسٹنگ پروگرام کو شہر کے تمام سرکاری اسکولوں میں مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمارتوں اور فٹ پاتھوں کی صفائی کے مثبت اثرات نظر آئیں گے۔