شعیب ملک کی دوسری شادی پر ثانیہ مرزا کا رد عمل سامنے آگیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک کی دوسری شادی پر ان کی پہلی اہلیہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کا رد عمل سامنے آگیا۔ثانیہ مرزا کی بہن انعم مرزا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے اہلخانہ اور ثانیہ کی ٹیم کی جانب سے ایک خصوصی بیان جاری کیا جس میں شعیب ملک کی دوسری شادی کے حوالے سے خبروں پر رد عمل دیا گیا ہے۔انعم مرزا نے اپنے بیان میں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ دونوں نے ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو عوام سے پوشیدہ رکھا ہے لیکن اب ضرورت پیش آگئی ہے کہ وہ یہ بات سب سے شیئر کرے کہ شعیب اور اس کی طلاق کو کچھ ماہ گزر چکے ہیں۔پوسٹ میں مزید لکھا گیا کہ ثانیہ مرزا شعیب ملک کی نئی زندگی حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہیں انعم مرزا نے اپنی پوسٹ میں مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ثانیہ کی پرائیویسی کا خیال رکھیں۔قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ہفتے کے روز شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثناء جاوید کے ساتھ دوسری شادی کا اعلان کیا تھا، شادی کی تقریب 18 جنوری کو منعقد ہوئی تھی تاہم جوڑے کی جانب سے اعلان دو دن بعد کیا گیا۔