نیویارک میں زیر تعمیر کرکٹ اسٹیڈیم کی تصویر کی نقاب کشائی
34 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہوگی،پاک بھارت ٹاکرا9 جون کو ہوگا۔
نیویارک کی ناساؤ کاونٹی میں تعمیر کیے جانے والے کرکٹ اسٹیڈیم کی تصویر کی نقاب کشائی کردی گئی ہے۔اس اسٹیڈیم میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹوئنٹی ٹوئنٹی فور کے آٹھ میچز کھیلے جائیں گے ۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2024 کے لیے نیویارک کے علاقے ناساؤ کاونٹی میں واقع آئزن ہوور پارک میں وسیع کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز ہوگیا ہے۔کاؤنٹی ایگزیکٹو بروس بلیک مین نے ہوسٹ کمیٹی اور دیگر کے ہمراہ اسٹیڈیم کی تصویر کی نقاب کشائی کی۔اس موقع پر بروس بلیک مین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسٹیڈیم کی تعمیر اور میچز کے شیڈول سے متعلق تفصیل بتائی۔ان کا کہنا تھا کہ 9جون کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،ہم سیکورٹی،پارکنک اور ٹرانسپورٹیشن سمیت تمام سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔اس موقع پر کمیونٹی کی سیاسی،سماجی اور کاروباری شخصیات بھی شریک تھیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وینیو ڈیویلپمنٹ ڈائریکٹر براون لاکر کا کہنا ہے کہ اس اسٹیڈیم میں 34 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی اور ہماری کوشش ہے کہ مئی میں تعمیر مکمل کرلی جائے۔کاؤنٹی ایگزیکٹیو بروس بلیک مین نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ہوسٹ کمیٹی کا بھی اعلان کیا۔انڈین امریکن کمیونٹی کے ہیری سنگھ برلا کو ہوسٹ کمیٹی کا چیئر مین جبکہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کے چودھری اکرم رحمانیہ جو بروس بلیک مین کے سینئر ایڈوائزر بھی ہیں انھی وائس چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ان کہنا ہے کہ ہم پوری کوشش کریں گے کمیونٹی کے لیے جو ممکن ہو وہ کریں،امید ہے یہ کھیل لوگوں کے دلوں کو آپس میں جوڑنے میں مدد دے گا۔امریکا میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے میچز کھیلے جانے پر پاکستانی کمیونٹی خاصی پرجوش ہے۔ناساؤ کاونٹی ہالینڈ کے شاہی خاندان کی کالونی تھی،امریکا میں اس کے قیام کو 125 برس بھی مکمل ہورہے ہیں۔کاونٹی ایگزیکٹو بروس بلیک مین کا کہنا تھا کہ نیدر لینڈ کے میچ میں وہاں کے بادشاہ کو بھی مدعو کریں گے۔