بی جے پی دہلی کے نظامِ صحت کو ٹھپ کرنے کی سازش کر رہی ہے، آتشی
عام آدمی پارٹی کا کہنا ہے کہ بی جے پی فرضی الزامات اور جھوٹے مقدمات کے ساتھ دہلی حکومت کے عالمی معیار کے صحت کے نظام کو ٹھپ کرنے کی سازش کر رہی ہے۔اے اے پی کے سینئر لیڈر اور دہلی کابینہ کی وزیر آتشی کا کہنا ہے کہ بی جے پی فرضی الزامات اور جھوٹے مقدمات کے ساتھ دہلی حکومت کے عالمی معیار کے صحت کے نظام کو ٹھپ کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ تحقیقات کے نام پر بی جے پی چاہتی ہے کہ اسپتالوں میں ایم ایس کام کرنے سے ڈریں، محلہ کلینک میں ڈاکٹر ٹیسٹ لکھنے سے ڈریں، محکمہ صحت کے اہلکار دوائیں خریدنے سے ڈریں۔انہوں نے کہا کہ ان فرضی جانچوں کی وجہ سے محلہ کلینک اور اسپتالوں میں دوائیں نہیں ہوں گی، اسپتالوں میں سرجری کا سامان نہیں ہوگا، ٹیسٹ کا کوئی انتظام نہیں ہوگا، یہ بی جے پی کی سازش ہے۔ بی جے پی نہ تو اپنی کسی ریاست میں اور نہ ہی مرکزی حکومت میں اچھے اسپتال فراہم کر سکی لیکن اب وہ دہلی حکومت کے نظام صحت کو تباہ کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں سرکاری اسپتالوں اور ڈسپنسریوں کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پورے ملک کے لوگ سرکاری اسپتالوں میں جانے کے بجائے پرائیویٹ اسپتالوں میں علاج کروانے کو ترجیح دیتے ہیں۔