جاپان میں زلزلے کے جھٹکوں سے نظام زندگی درہم برہم،سونامی کی وارننگ جاری
جاپان میں تین گھنٹے میں 30 سے زائد زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت 3.6 سے 7.6 تک تھی ۔زلزلے کے باعث جاپان میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ جاپان نے ملک بھر میں زلزلے کے حوالے سے تازہ وارننگ جاری کی ہے۔ وارننگ کے مطابق اشیکاوا، نیگتا، ناگانو اور تویاما کے پریفیکچرز کو خطرے والے علاقوں کے طور پر نشان زد کیا ہے۔ وسطی جاپان میں گزشتہ تین گھنٹوں کے دوران 30 سے زائد زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 3.6 سے 7.6 تک تھی۔ زلزلے کی شدت کو دیکھتے ہوئے سونامی کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ زلزلے کے بعد سمندر خطرے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ساتھ ہی لوگوں سے اپنے گھر خالی کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ مغربی جاپان کے صوبے اشیکاوا میں زلزلے کے طاقتور جھٹکے محسوس کیے گئے۔ جاپان کے ساحل کے ساتھ واقع نیگاتا، تویاما، یاماگاتا، فوکوئی اور ہیوگو صوبوں میں بھی سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات سے وابستہ جاپانی حکام کے مطابق سونامی کے باعث سمندری لہریں 5 میٹر تک بلند ہوسکتی ہیں۔ اس لیے لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد اونچی جگہ یا قریبی عمارت کی چوٹی کی طرف پناہ لے لیں۔جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدہ نے متاثرہ علاقوں کے مکینوں سے خطرناک علاقے کو فوری طور پر خالی کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس کے علاوہ، ایک حکومتی ترجمان نے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ممکنہ مزید زلزلوں کے لیے تیار رہیں۔شدید زلزلے کی وجہ سے ایشیکاوا پریفیکچر کے تقریباً 32,500 مکانات بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ صوبے کے کچھ حصوں میں کئی مکانات منہدم ہو گئے ہیں۔ زلزلے کے مرکز ایشیکاوا پریفیکچر کے درمیان بلٹ ٹرینوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔