امیتابھ بچن نے نم آنکھوں کے ساتھ ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کو الوداع کہہ دیا
بھارتی لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے ہر دل عزیز شو ”کون بنے گا کروڑ پتی“ کو جذباتی انداز میں الوداع کہہ دیا۔ بگ بی نے کہا کہ اب ہم جارہے ہیں اور کل سے یہ اسٹیج نہیں سجے گا۔سوشل میڈیا پر پر پرو گرام کے 15ویں سیزن کی آخری قسط کا پرومو وائرل ہورہا ہے جس میں بِگ بی اپنے شو کے حاضرین اور ناظرین اور چاہنے والوں کو نم آنکھوں سے الوداع کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔امیتابھ بچن نے نم آنکھوں کے ساتھ ہاتھ جوڑتے ہوئے الوداع کیا تو شو کے سامعین بھی افسردہ ہوگئے۔امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ ’اب ہم جارہے ہیں اور کل سے یہ اسٹیج نہیں سجے گا، اپنوں سے یہ کہہ پانا کہ اب کل سے ہم یہاں نہیں آئیں گے نہ ہی کہنے کی ہمت ہوپاتی ہے اور نہ ہی من ہوتا ہے‘۔یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ 23 برس سے مقبول عام ٹی وی شو ”کون بنے گا کروڑ پتی“ کے 16ویں سیزن کی میزبانی کون کرے گا۔ناظرین کے پسندیدہ شو کی میزبانی 2007 میں شاہ رُخ خان نے کی تھی تاہم اس کے علاوہ تمام شوز کی میزبانی بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کرتے آئے ہیں۔