آسٹریلیا جانے کے خواہش مند افراد کیلئے بُری خبر
آسٹریلیا نے بین الاقوامی طلباء اور کم ہنر مندوں کیلئے ویزا قوانین سخت کرنے کا اعلان کر دیا۔ آسٹریلوی وزیر داخلہ کلیئر اونیل نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے امیگریشن سسٹم کو تباہ کر دیا تھا جسے درست کرنے کیلئے اصلاحات کی جائیں گی۔آسٹریلوی وزیر داخلہ کلیئر اونیل نے 10 سال کیلئے نئی امیگریشن پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے ہماری حکومت امیگریشن کی تعداد کو دوبارہ کنٹرول میں لائے گی، دو سال کے اندر تارکین وطن کی تعداد میں 50 فیصد تک کمی لائی جائے گی، نئی پالیسی کے تحت بین الاقوامی طلباء کو انگریزی ٹیسٹ میں اعلیٰ درجہ بندی حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی اور مزید قیام بڑھانے کیلئے طالبعلم کی دوسری ویزا درخواست پر بھی سخت جانچ پڑتال کی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق جون 2023 تک ریکارڈ 5 لاکھ 10 ہزار افراد آسٹریلیا آئے تھے تاہم اب آسٹریلوی حکومت نے جون 2025 تک سالانہ انٹیک کو ڈھائی لاکھ تک کرنے کا اعلان کیا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلیا میں تقریباً 650,000 غیرملکی طلباء ہیں جن میں سے بہت سے دوسرے ویزوں پر ہیں۔