سردیوں میں درجہ حرارت میں کمی کے باعث چہرہ بے جان اور خشک ہو جاتا ہے، لیکن اس کاعلاج مہنگی کریمیں نہیں،اس کا جادوئی حل آپ کے کچن میں موجود ہے۔
اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے جہاں لوگ مہنگے موئسچرائزرز کا سہارا لیتے ہیں، وہیں روایتی گھریلو ٹوٹکوں میں دودھ کی بالائی کو جلد کی حفاظت کے لیے ایک مؤثر قدرتی ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ماہرین کے مطابق عام طور پر چائے اور میٹھے پکوانوں کی لذت بڑھانے کے لیے استعمال ہونے والی بالائی کو صدیوں سے جلد کی دیکھ بھال کے لیے بھی بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
ہفتے میں تین مرتبہ چہرے پر بالائی لگانے سے جلد میں نمی برقرار رہتی ہے اور یہ قدرتی طور پر ملائم و تروتازہ نظر آتی ہے۔بالائی میں پایا جانے والا لیکٹک ایسڈ جلد کو نرم رکھنے اور خشکی دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ قدرتی کلینزر کے طور پر بھی کام کرتی ہے، جو جلد کی سطح پر جمی میل کچیل اور مساموں میں موجود گندگی کو صاف کرنے میں مدد دیتی ہے۔
مزید برآں، بالائی میں شامل لیکٹک ایسڈ، پروٹین اور ضروری وٹامنز جلد کی لچک کو برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں، جس کے نتیجے میں چہرے پر نمودار ہونے والی باریک لکیروں، جھریوں اور بڑھتی عمر کے اثرات کی شدت کو کم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
تاہم، جلد کے ماہرین کا مشورہ ہے کہ چونکہ ہر انسان کی جلد کی ساخت مختلف ہوتی ہے، اس لیے چہرے پر کسی بھی گھریلو نسخے کے باقاعدہ استعمال سے قبل جلد کے ایک چھوٹے حصے پر اس کا تجربہ کر لینا بہتر ہے۔