نیویارک میں گاڑیوں کے پہلےسےموجود فیچرزپراضافی سبسکرپشن فیس عائد کرنے پرپابندی
نیویارک(نیوزڈیسک)گاڑی خریدنے کے بعد ہیٹنگ سیٹس، نیویگیشن اور دیگر پہلے سے نصب سہولتوں کے استعمال کے لیے اضافی ماہانہ فیس نہیں دینا پڑے گی۔ نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے کار کمپنیوں کی جانب سے ایسے سبسکرپشن چارجز وصول کرنے پر پابندی کا قانون منظور کرلیا ہے۔
نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے گاڑیاں خریدنے کے بعد ان میں پہلے سے نصب سہولیات کے استعمال پر اضافی سبسکرپشن فیس وصول کرنے سے روکنے کے لیے قانون پر دستخط کردیے ہیں۔قانون ایس 9348 اے اور اے 10411 اے کے تحت گاڑیوں کے مینوفیکچررز، ڈیلرز اور تھرڈ پارٹی سروس فراہم کرنے والے ادارے ایسے فیچرز کے لیے صارفین سے اضافی رقم یا بار بار سبسکرپشن فیس وصول نہیں کرسکیں گے، جن کے لیے کمپنیوں کو کوئی اضافی خرچ برداشت نہیں کرنا پڑتا
ان سہولیات میں گرم نشستیں، جدید نیویگیشن، بغیر ہاتھ استعمال کیے گاڑی چلانے کی ٹیکنالوجی اور تفریحی نظام شامل ہیں، جو گاڑی خریدتے وقت ہی اس میں نصب ہوتے ہیں۔گورنر ہوکل کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث نیویارک کے شہری پہلے ہی مالی دباؤ کا شکار ہیں اور حکومت ایسے کاروباری طریقوں کی اجازت نہیں دے گی جو صارفین کے اخراجات میں مزید اضافہ کریں۔نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے بھی قانون کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو اپنی خریدی ہوئی گاڑی کے فیچرز استعمال کرنے کے لیے بار بار ادائیگی نہیں کرنی چاہیے۔
ان کے مطابق ان کا دفتر گاڑیوں کی خریداری کے دوران غیر قانونی اضافی فیس وصول کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائیاں بھی کرچکا ہے۔یہ قانون 27 فروری 2027 سے نافذ العمل ہوگا۔گورنر ہوکل کے دفتر کے مطابق یہ اقدام شہریوں کے اخراجات کم کرنے کے لیے جاری حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔