امریکی ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی تاریخی کامیابی، 258 نشستیں حاصل
نارتھ کیرولائنا (نیوزڈیسک)امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے ایوانِ نمائندگان کی کم از کم 258 نشستیں حاصل کرکے 1992 کے بعد اپنی سب سے بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے۔نارتھ کیرولائنا میں ڈیموکریٹ امیدوار چک ہبارڈ نے 21 سال سے ری پبلکن جماعت کی نمائندگی کرنے والی ورجینیا فاکس کو صرف 330 ووٹوں سے شکست دے دی، جس کے بعد ڈیموکریٹس کی نشستوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔
بی بی سی کے مطابق، امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا کے پانچویں کانگریشنل ضلع میں ڈیموکریٹ امیدوار چک ہبارڈ نے ری پبلکن رکنِ کانگریس ورجینیا فاکس کو شکست دے دی۔ 99 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر ہبارڈ کو 330 ووٹوں کی برتری حاصل رہی۔ورجینیا فاکس 2005 سے اس حلقے کی نمائندگی کر رہی تھیں۔
مقابلہ انتہائی قریبی ہونے کے باعث انہوں نے دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی، جس کے بعد اتوار کو نتائج کا اعلان کیا گیا۔اس کامیابی کے بعد ڈیموکریٹس نے ایوانِ نمائندگان کی کم از کم 258 نشستیں حاصل کرلی ہیں، جبکہ ری پبلکنز کے پاس کم از کم 173 نشستیں ہیں۔ چار حلقوں کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔ ڈیموکریٹس نے سینیٹ میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔ہبارڈ نے بی بی سی سے گفتگو میں کہا کہ امریکی عوام موجودہ حالات سے ناخوش ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں۔
انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا احتساب کرنے کے لیے دیگر قانون سازوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل ہونے کے بعد ڈیموکریٹس کو صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے اقدامات کی تحقیقات اور قانون سازی کے عمل میں اہم کردار مل سکتا ہے، تاہم صدر کو کسی بھی قانون پر دستخط یا اسے ویٹو کرنے کا اختیار حاصل رہے گا۔