نیویارک:پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ہردلعزیزچوہدری زمان کو نیوجرسی میں سپردخاک کردیا گیا
نیویارک(نیوزڈیسک) پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت چوہدری زمان کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ نیوجرسی کے مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔
نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف کاروباری وسماجی شخصیت چوہدری زمان چیچیاں گزشتہ روز رضائےالہیٰ سےانتقال کر گئے تھے، مرحوم چار د ہائی قبل 1985 میں امریکا منتقل ہوئے، چالیس سال سے زائد کاعرصہ پردیس میں گزار کر بھی دل سے پاکستان اور باالخصوص اپنےآبائی علاقے کھاریاں کی محبت کم نہ ہوئی، امریکا ہو یا پاکستان ضرورت مند کی مدد میں پیش پیش رہتے۔ہر دلعزیز شخصیت چوہدری زمان کی نمازجنازہ بعد نمازِظہر مکی مسجد میں ان کے بڑے بیٹے کی اقتدامیں اد اکی گئی ۔انھوں نے قران وحدیث کی روشنی میں زندگی و موت کا فلسفہ، آخرت کی تیاری اور نیک اعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
نمازِ جنازہ میں مرحوم کے اہلخانہ،عزیز واقارب،دوست احباب سمیت کمیونٹی کی سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔چوہدری زمان کے عزیز واقارب کے مطابق مرحوم گیس اسٹیشن کے کاروبار سے وابستہ تھے، نیویارک میں رہتے ہوئے آبائی علاقے کھاریاں میں تعلیم کے فروغ کے لیے بہت کام کیا، سفید پوش گھرانوں کے بچوں کی شادیاں ، خوشنودیِ الہیٰ کے لیے مستحق افراد کو عمرہ اورحج پر بھیجنا یہ سب وہ نیک اعمال ہیں جو ان کے سفرِ آخرت میں آسانی کا باعث بنیں گے اور کمیونٹی بھی انھیں ہمیشہ یاد رکھے گی۔
چوہدری زمان کے انتقال پر ان کی اہلخانہ ہی نہیں بلکہ ساری کمیونٹی ہی افسردہ دکھائی دی۔ مرحوم نے5 بیٹے،3بیٹیوں اور ایک بیوہ کو سوگوارچھوڑا ہے، نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحوم چوہدری زمان کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ نیوجرسی کے مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔