امریکی ریاست مشی گن کی ایک نرس اور ہوم ہیلتھ ایجنسی کی مالکن کو میڈیکیئر کے ساتھ 1.6 ملین ڈالر کے فراڈ کے جرم میں 4 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ ملزمہ نے رشوت دے کر مریضوں کا خفیہ ریکارڈ حاصل کیا اور اسے جعلی بلنگ کے لیے استعمال کیا۔
محکمہ انصاف کے مطابق فارمنگٹن ہلز کی 55 سالہ روبی اسکاٹ ڈیلٹا ہوم ہیلتھ کیئر کی بانی تھیں۔ 2018 سے 2021 تک انہوں نے ڈیٹرائٹ کے ایک اسپتال کی ڈسچارج نرس کو فی مریض 270 سے 300 ڈالر رشوت دی، جس کے بدلے وہ میڈیکیئر کے مریضوں کا خفیہ ریکارڈ ان کی اطلاع کے بغیر ڈیلٹا کو فیکس کرتی تھی۔ رشوت کی مد میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر سے زائد ادا کیے گئے۔ ملزمہ نے ان مریضوں کے نام پر ہوم ہیلتھ سروسز کے بل بھیجے، جن میں ایسے مریض بھی شامل تھے جنہیں کوئی خدمات ملی ہی نہیں۔ عدالت میں ثابت ہوا کہ ملزمہ نے ڈاکٹروں کی شناخت استعمال کر کے جعلی تصدیقیں تیار کیں، حالانکہ ان ڈاکٹروں نے کبھی ان مریضوں کو دیکھا ہی نہیں تھا۔ مئی 2026 میں جیوری نے انہیں ہیلتھ کیئر فراڈ اور رشوت سے متعلق الزامات میں مجرم قرار دیا تھا۔ سزا کے ساتھ عدالت نے انہیں میڈیکیئر کو 1 ملین 652 ہزار ڈالر سے زائد ہرجانہ ادا کرنے اور اتنی ہی رقم ضبط کرنے کا حکم بھی دیا۔