vosa.tv
Voice of South Asia!

برطانیہ کی یونیورسٹی آف اسٹریتھ کلائیڈ میں2027 کے لیے6 مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان

0

برطانیہ کی یونیورسٹی آف اسٹریتھ کلائیڈ نے کامن ویلتھ اسکالرشپ کمیشن کے اشتراک سے 2027 کے لیے چھ مکمل فنڈڈ ماسٹرز اسکالرشپس کا اعلان کردیا۔ اسکالرشپس میں مکمل ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ اور برطانیہ آنے جانے کے ہوائی ٹکٹ سمیت دیگر اخراجات شامل ہیں۔ پاکستان سمیت اہل کامن ویلتھ ممالک کے طلبہ درخواست دے سکتے ہیں۔

برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طلبہ کے لیے اہم موقع، یونیورسٹی آف اسٹریتھ کلائیڈ نے کامن ویلتھ اسکالرشپ کمیشن کے اشتراک سے 2027 کے تعلیمی سیشن کے لیے چھ مکمل فنڈڈ ماسٹرز اسکالرشپس متعارف کرا دیں۔یہ اسکالرشپس کم ترقی یافتہ اور متوسط آمدن والے کامن ویلتھ ممالک کے باصلاحیت اور مالی مشکلات سے دوچار طلبہ کے لیے مختص کی گئی ہیں۔

اسکالرشپ کے تحت طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی، جبکہ ماہانہ اخراجات کے لیے وظیفہ، برطانیہ آنے اور واپس جانے کا اکانومی کلاس ہوائی ٹکٹ اور دیگر منظور شدہ اخراجات بھی فراہم کیے جائیں گے۔یہ فنڈنگ ایک سالہ فل ٹائم ماسٹرز پروگرام کے لیے ہوگی، جس کا آغاز ستمبر یا اکتوبر 2027 میں متوقع ہے۔یونیورسٹی کے مطابق آٹھ اہل تعلیمی پروگراموں میں قابلِ تجدید توانائی، اپلائیڈ اکنامکس، ڈپلومیسی اینڈ انٹرنیشنل سیکیورٹی، پولیٹیکل ریسرچ، آف شور ونڈ انرجی اور انوائرنمنٹل انجینئرنگ سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔تاہم ان تمام پروگراموں کے لیے مجموعی طور پر صرف چھ اسکالرشپس دستیاب ہوں گی۔

درخواست دینے کے لیے امیدوار کا کسی اہل کامن ویلتھ ملک کا شہری اور مستقل رہائشی ہونا ضروری ہے، جبکہ کم از کم اپر سیکنڈ کلاس بیچلر ڈگری بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔اس کے علاوہ امیدواروں کو اپنی مالی ضرورت ثابت کرنا ہوگی اور انہوں نے کسی ہائی انکم ملک میں ایک تعلیمی سال یا اس سے زیادہ عرصے تک تعلیم حاصل نہ کی ہو یا ملازمت نہ کی ہو۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ 8 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔

یونیورسٹی کی جانب سے نامزدگی حاصل کرنے والے امیدواروں کو اس کے بعد ماسٹرز پروگرام میں داخلے کے لیے الگ درخواست بھی جمع کرانا ہوگی۔واضح رہے کہ اسکالرشپس کی تعداد محدود ہونے کے باعث امیدواروں کا انتخاب تعلیمی قابلیت، مالی ضرورت اور مقررہ اہلیت کے معیار کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.