vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی جامعات میں غیرملکی طلبہ کی تعداد میں9 فیصد کمی، نئے داخلے15فیصد گھٹ گئے

0

نیویارک(نیوزڈیسک)امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند غیر ملکی طلبہ کے لیے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ نئی رپورٹ کے مطابق امریکی جامعات میں بین الاقوامی طلبہ کی تعداد میں 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ پہلی بار امریکہ آنے والے نئے طلبہ کے داخلوں میں 15 فیصد کمی ہوئی ہے۔ رپورٹ میں اس کی بڑی وجوہات ویزا پالیسیوں، سفری پابندیوں اور امیگریشن قوانین میں تبدیلیوں کو قرار دیا گیا ہے۔
امریکی جامعات میں غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں کمی کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کی تازہ رپورٹ کے مطابق، رواں سال موسمِ خزاں میں امریکی کالجوں اور جامعات میں بین الاقوامی طلبہ کی مجموعی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 9 فیصد کم ہوئی، جبکہ نئے آنے والے غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں 15 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے لیے 800 سے زائد امریکی کالجوں اور جامعات کا سروے کیا گیا۔ ان میں سے 88 فیصد اداروں نے ویزا حاصل کرنے کے مشکل عمل جبکہ 70 فیصد نے سفری پابندیوں کو طلبہ کی تعداد میں کمی کی بڑی وجوہات قرار دیا۔رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اختیاری عملی تربیت، یعنی او پی ٹی پروگرام میں شامل ہر طالب علم پر 70 ہزار ڈالر فیس عائد کرنے کی تجویز نے بھی طلبہ اور تعلیمی اداروں میں تشویش پیدا کی ہے۔ تاہم یہ تجویز ابھی حتمی نہیں ہوئی۔ اس کے باوجود او پی ٹی پروگرام میں شامل طلبہ کی تعداد میں 6 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔

جامعات کے حکام کا کہنا ہے کہ امیگریشن پالیسیوں میں غیر یقینی صورتحال، امریکی تعلیم کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور دوسرے ممالک میں بہتر تعلیمی مواقع کی دستیابی بھی طلبہ کو امریکہ کے بجائے متبادل ممالک کا انتخاب کرنے پر آمادہ کر رہی ہے۔اس کمی کے اثرات امریکی معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں۔ نیفسا اور جے بی انٹرنیشنل کی تحقیق کے مطابق، غیر ملکی طلبہ کی وجہ سے امریکی معیشت میں ہونے والی آمدن میں رواں موسمِ خزاں کے دوران 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔رپورٹ میں گریجویٹ سطح کے داخلوں میں 15 فیصد اور انڈرگریجویٹ داخلوں میں 3 فیصد کمی بھی سامنے آئی ہے۔ بھارت سے امریکہ آنے والے طلبہ کی تعداد میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.