vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک کے ہوائی اڈوں پر پروازوں میں تاخیر اور منسوخیاں جاری

0

 امریکا میں ایف اے اے کے ملک گیر گراؤنڈ اسٹاپ کے دو روز بعد بھی نیویارک کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کے مطابق خرابی کی وجہ سائبر حملہ نہیں بلکہ ٹیلی کمیونیکیشن لائنوں کی منتقلی کے دوران آلات کی خرابی تھی۔

 اتوار کی صبح 9 بجے تک جے ایف کے، لاگارڈیا اور نیوارک پر 54 پروازیں تاخیر کا شکار اور 66 منسوخ ہوئیں، جبکہ فلائٹ اویئر کے مطابق ملک بھر میں 910 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ ہفتے کو 6 ہزار 400 سے زائد جبکہ جمعہ کو 9 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئی تھیں۔ سیکریٹری ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی کے مطابق ایک دور دراز ایف اے اے مقام پر ٹھیکیدار پرانی کاپر لائنوں کو فائبر پر منتقل کر رہا تھا، اس دوران ایک راؤٹر کی خرابی یا ٹھیکیدار کی غلطی سے دیگر راؤٹرز پر ہر چار سے پانچ سیکنڈ میں ایک ہزار سے زائد کنکشن کی کوششیں ہوئیں۔ اس سے طیاروں سے رابطہ اور ریڈار فیڈ متاثر ہوئے اور فضائی حدود بند کرنا پڑی۔ ایف اے اے سربراہ برائن بیڈفورڈ کا کہنا تھا کہ کسی غلط کام یا مصنوعی ذہانت کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور وجہ کا تجزیہ مکمل ہونے پر شیئر کیا جائے گا۔ امریکن ایئرلائنز نے بدھ 18 نومبر تک سفر کے لیے تبدیلی کی فیس معاف کر دی ہے، جبکہ ڈیلٹا نے مسافروں کو پروازیں پیر یا بعد کی تاریخوں پر منتقل کرنے کی ترغیب دی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.