vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: بوڈیگاز کے لیے اسنیپ نئے قواعد پر عمل درآمد 90 دن مؤخر کرنے کا اعلان

0

نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے اعلان کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد امریکی محکمہ زراعت نے اسنیپ سے منسلک چھوٹے اسٹورز کے لیے نئے اسٹاکنگ قواعد کے نفاذ میں 90 دن کی توسیع دے دی ہے۔ اس سے بوڈیگاز کو قواعد پر عمل کے لیے مزید وقت مل جائے گا۔

 نئے قاعدے کے تحت اسنیپ کے لیے رجسٹرڈ اسٹورز کو چار کیٹیگریز، یعنی ڈیری، اناج، پروٹین اور پھل و سبزیوں میں سے ہر ایک میں کم از کم سات اقسام کی اشیا رکھنا لازمی ہیں۔ اس پر عمل درآمد اصل میں 4 نومبر سے ہونا تھا، تاہم محکمہ زراعت نے عمل درآمد کی ہدایات 4 ستمبر کو جاری کیں، جس سے اسٹورز کے پاس صرف دو ماہ رہ گئے تھے۔ میئر ممدانی کے مطابق نیویارک میں 10 لاکھ سے زائد جبکہ ملک بھر میں 3 کروڑ 60 لاکھ سے زائد شہری اسنیپ پر انحصار کرتے ہیں۔ بوڈیگا تنظیموں کے اندازے کے مطابق ایک عام اسٹور کی 15 سے 20 فیصد فروخت اسنیپ سے ہوتی ہے، جبکہ برونکس میں بعض مالکان کے مطابق یہ شرح 30 فیصد تک ہے۔ میئر نے ایک ہفتہ قبل محکمہ زراعت سے نفاذ مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ محکمہ سمال بزنس سروسز اسٹور مالکان کو مفت رہنمائی فراہم کر رہا ہے اور وہ 888-SBS-4NYC پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ ممدانی انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں 10 ہزار گھروں پر دستک دی گئی، 40 ہزار فون کالز کی گئیں، اور اسنیپ سے محروم ہونے کے خطرے سے دوچار 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد شہریوں کی مدد کی گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.