حج کانفرنس 2026 میں پاکستان حج مشن کی خدمات کا اعتراف، خصوصی اعزاز سے نواز دیا گیا
سعودی عرب کے شہر جدہ میں چھٹی حج کانفرنس و ایکسپو 2026 کی اختتامی تقریب میں پاکستان حج مشن کو عازمینِ حج کے لیے مثالی انتظامات اور بہترین خدمات پر خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔ قائم مقام ڈی جی حج محمد عارف اسلم راؤ نے اعزازی شیلڈ وصول کی۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں سعودی نائب وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط اور دیگر اعلیٰ حکام نے پاکستان حج مشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے اعزازی شیلڈ پیش کی۔کانفرنس میں 150 ممالک کے وفود نے شرکت کی، تاہم صرف چار ممالک کے حج مشن سربراہان کو اسٹیج پر مدعو کرکے ان کی کارکردگی کا اعتراف کیا گیا۔ ان میں پاکستان کے علاوہ ترکیہ، ملائیشیا اور عراق شامل تھے۔چار روزہ کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کی قیادت میں پاکستانی وفد نے شرکت کی۔ اس دوران سعودی حکام اور مختلف سروس فراہم کرنے والے اداروں سے ملاقاتیں بھی کی گئیں، جن میں آئندہ حج سیزن کے دوران پاکستانی عازمین کو مزید بہتر اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔