جے بی پرٹزکر کی انتخابی فتح کا جشن، شکاگو کے نیوی پیئر میں پاکستانیوں سمیت سینکڑوں افراد کی شرکت
امریکی ریاست الینوائے کے دوبارہ منتخب ہونے والے گورنر جے بی پرٹزکر نے انتخابی کامیابی کا جشن شکاگو کے معروف مقام نیوی پیئر پر منعقد کیا، جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستانی نژاد امریکی شہری بھی شریک ہوئے۔
الینوائے میں پولنگ اسٹیشنز بند ہونے کے بعد ایسوسی ایٹڈ پریس نے ریپبلکن امیدوار ڈیرن بیلی کے مقابلے میں جے بی پرٹزکر کی کامیابی کا اعلان کیا۔جھیل مشی گن کے کنارے واقع نیوی پیئر میں منعقدہ تقریب میں گورنر کی انتخابی مہم کے عہدیدار، رضاکار، حامی اور خاندان کے افراد شریک ہوئے۔ پرٹزکر کی چیف آف اسٹاف این کیپرارا سمیت انتخابی مہم کے اہم عہدیدار بھی تقریب شروع ہونے سے قبل وہاں پہنچ گئے تھے۔اپنی کامیابی کی تقریر میں جے بی پرٹزکر نے انتخابی مہم کی ٹیم، رضاکاروں اور اپنے خاندان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر اپنی اہلیہ اور خاتونِ اول ایم جے پرٹزکر اور بچوں ٹیڈی اور ڈونی کا ذکر کیا۔گورنر نے الینوائے کی نمائندگی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے ریاست کی جدت طرازی، ثقافتی تنوع اور مشکلات کا سامنا کرنے کی صلاحیت کو سراہا۔اپنے خطاب میں انہوں نے دورِ حکومت کے دوران کیے گئے اقدامات کا بھی ذکر کیا، جن میں کم از کم اجرت میں اضافہ، ملازمین کے لیے تنخواہ کے ساتھ چھٹی کو لازمی قرار دینا، حملہ آور ہتھیاروں پر پابندی اور تولیدی حقوق کا تحفظ شامل ہیں۔پرٹزکر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ خوف کے بجائے امید، تفرقے کے بجائے ہمدردی اور مشکلات کے مقابلے میں حوصلے کو ترجیح دیں۔ انہوں نے صحت کے نظام میں اصلاحات، انتخابی مہمات کی مالی معاونت سے متعلق اصلاحات اور آنے والی نسلوں کے لیے امریکی خواب کو محفوظ بنانے سمیت مستقبل کے چیلنجز کا بھی ذکر کیا۔تقریب سے الینوائے کے لیفٹیننٹ گورنر کرسچن مچل نے بھی خطاب کیا۔