امریکی محکمہ انصاف نے نارتھ کیرولائنا میں 2024 کے انتخابات میں غیر قانونی طور پر ووٹ ڈالنے کے الزام میں مزید 18 غیر ملکیوں پر فردِ جرم عائد کر دی ہے، جس کے بعد رواں سال ریاست میں ایسے ملزمان کی تعداد 30 ہو گئی ہے۔
محکمہ انصاف کے مطابق ان میں سے 9 ملزمان پر ایسٹرن ڈسٹرکٹ، 5 پر مڈل ڈسٹرکٹ اور 4 پر ویسٹرن ڈسٹرکٹ میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔ ایسٹرن ڈسٹرکٹ میں اس سے پہلے 12 افراد پر بھی فردِ جرم عائد ہو چکی ہے، یوں اس ڈسٹرکٹ میں ملزمان کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ ملزمان میں ایک غیر قانونی تارکِ وطن بھی شامل ہے، جبکہ باقی ملزمان قانونی مستقل رہائشی یعنی گرین کارڈ ہولڈرز ہیں، جن کا تعلق گوئٹے مالا، اٹلی، برطانیہ، کینیا، کولمبیا، جمیکا، نائجیریا، فرانس، ارجنٹائن، کیوبا اور دیگر ممالک سے ہے۔ الزام ہے کہ ان میں سے کئی نے خود کو امریکی شہری ظاہر کر کے ووٹر رجسٹریشن کروائی اور 2024 کے عام انتخابات میں ووٹ ڈالا، جبکہ بعض ملزمان پر ماضی کے کئی انتخابات میں بھی ووٹ ڈالنے کا الزام ہے۔ ملزمان پر شہریت کا جھوٹا دعویٰ کر کے ووٹ ڈالنے اور غیر ملکی ہوتے ہوئے ووٹ ڈالنے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ شہریت کا جھوٹا دعویٰ ثابت ہونے پر زیادہ سے زیادہ 5 سال قید اور 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر جرمانہ ہو سکتا ہے، جبکہ غیر ملکی ہوتے ہوئے ووٹ ڈالنے پر زیادہ سے زیادہ ایک سال قید اور ایک لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا ہے۔