بروکلن بوٹینک گارڈن میں لائٹ اسکیپ کی واپسی
نیویارک (نیوزڈیسک) موسمِ سرما کی تعطیلات کو رنگوں اور روشنیوں سے سجانے کی تیاریاں شروع، بروکلن بوٹینک گارڈن نے اپنے مشہور لائٹ فیسٹیول، لائٹ اسکیپ کی واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک میل طویل روشن راستہ، دس لاکھ سے زائد رنگ برنگی لائٹس اور دلکش آرٹسٹک انسٹالیشنز اس سال بھی بچوں اور فیملیز کے لیے ایک یادگار تجربہ پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔
خبر رساں ادارے پکس 11 کے مطابق نیویارک کے علاقے بروکلن میں واقع بروکلن بوٹینک گارڈن ایک بار پھر روشنیوں کے حسین میلے لائٹ اسکیپ کی میزبانی کے لیے تیار ہے، جہاں قدرتی مناظر، جدید آرٹ اور دلکش لائٹنگ کا امتزاج شہریوں کو ایک منفرد تفریحی تجربہ فراہم کرے گا۔
اس سال کی نمائش میں ایک میل طویل ٹریل پر سولہ منفرد لائٹ انسٹالیشنز سجائی گئی ہیں، جبکہ دس لاکھ سے زائد رنگ برنگی روشنیاں باغ کے مختلف حصوں کو جگمگائیں گی۔نمائش کی خاص توجہ بین الاقوامی آرٹسٹ گروپ مینڈی لائٹس کا مشہورونٹر کیتھیڈرل ہے، جو روشنیوں کے ایک شاندار راستے کی صورت میں دیکھنے والوں کو مسحور کرے گا۔اس کے علاوہ، جاپانی ہل اینڈ پونڈ گارڈن میں سنس ایفیکٹس کا خصوصی فاؤنٹین شو بھی نمائش کا حصہ ہے، جہاں پانی اور روشنیوں کے دلکش امتزاج سے ایک یادگار منظر تخلیق کیا جائے گا۔
لائٹ اسکیپ میں شرکت کے لیے مختلف بجٹ کے مطابق ٹکٹوں کے کئی آپشنز متعارف کرائے گئے ہیں۔ویلیو نائٹس کے ٹکٹ بالغوں کے لیے انتیس ڈالر اور بچوں کے لیے پندرہ ڈالر سے شروع ہوتے ہیں، جبکہ آف پیک انٹری کے لیے بالغوں کا ٹکٹ انتالیس اور بچوں کا بائیس ڈالر ہے۔پیک انٹری کے ٹکٹ بالغوں کے لیے چوالیس اور بچوں کے لیے اٹھائیس ڈالر مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ اینی ٹائم انٹری کا ٹکٹ انسٹھ ڈالر ہے۔
منتظمین نے خصوصی ضروریات رکھنے والے افراد کے لیے سینسری فرینڈلی سیشنز بھی شامل کیے ہیں، جو تین اور اٹھارہ دسمبر کو شام چار بجے منعقد ہوں گے۔ ان سیشنز میں نسبتاً پُرسکون ماحول فراہم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ، اکیس سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے خصوصی نائٹس دس اور سترہ دسمبر کو منعقد کی جائیں گی۔اگر آپ اس موسمِ سرما میں نیویارک میں کسی منفرد اور یادگار تفریحی تجربے کی تلاش میں ہیں، تو لائٹ اسکیپ آپ کی فہرست میں شامل ہو سکتا ہے۔ رنگوں، روشنیوں اور قدرتی حسن سے بھرپور یہ میلہ آپ کی چھٹیوں کو مزید خوبصورت بنا سکتا ہے۔