نیویارک:پاکستانی امریکیوں نےاٹارنی جنرل لیٹیشیاجیمزکی حمایت کااعلان کردیا
نیویارک(نیوزڈیسک)امریکا میں وسط مدتی انتخابات کی گہما گہمی بڑھنے لگی۔امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے صدر علی رشید نے پوری کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ اگروہ اسلاموفوبیا سمیت اپنے دیگر مسائل کا حل چاہتے ہیں تواس الیکشن میں ووٹ کی طاقت کو بھرپور طریقےسےاستعمال کریں۔وہ نیویارک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔
امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ نےمڈ ٹرم الیکشن میں پاکستانی امریکیوں کو متحرک بنانے اورریاست نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز کی حمایت میں مقامی ریسٹورانٹ میں گیٹ آوٹ دی ووٹ کےعنوان سے تقریب کا اہتمام کیا جس کا آغاز تلاوتِ کلام ِ پاک سے کیا گیا۔
تقریب میں نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا کی آمدپر اے پیگ کی ٹیم نے ان کا پر تپاک استقبال کیا،اٹارنی جنرل بھی شرکا سے گرم جوشی ملیں اور مصافحہ بھی کیا۔تقریب کی ابتدائی نظامت اے پیگ یوتھ ونگ کے صدر فرحان رشید کر رہےتھے جنھوں نےمہمانوں کی آمدپر خیر مقدم اور اظہارِ تشکر کیا۔تقریب میں ریاست کے مختلف حلقوں سے منتخب اسمبلی ممبران اور مڈ ٹرم الیکشن کے لیے انتخابی اُمیدواروں سمیت جارجیا اسٹیٹ اسمبلی کے کم عمر ترین ڈیموکریٹ امیدوار اکبر علی نے بھی شرکت کی ۔شرکا سے خطاب میں اے پیگ کے صدر علی رشید کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ کمیونٹی کو پبلک سروس اور سیاست میں متحرک کریں تا کہ ہماری آواز سنی جائے، انھوں نے کمیونٹی سے اپیل کی کہ ا رلی ووٹنگ اور3 نومبر کےانتخابی روز لیٹیشیا جیمز کو کامیاب بنائیں۔
تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سیاسی، سماجی اورکاروباری حلقوں سے وابستہ نمایاں شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔حاضرین سے خطاب میں اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے اے پیگ کی کمیونٹی سروسز اور کاوشوں کوسراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلا تفریق رنگ و نسل کے شہریوں، تارکینِ وطن اورٹیکسی ڈرائیورزکے حقوق کا تحفظ یقینی بنایاہے،اگر ووٹرز نے دوبارہ منتخب کیا تو بلا کسی خوف خطر کے ان کے حقوق کے لیے مزید بہتر کام کروں گی۔قبل ازیں لیٹیشیا جیمز نے جارجیا اسٹیٹ اسمبلی کے کم عمر ترین ڈیموکریٹ امیدوار پاکستانی نژاد اکبر علی سے ملاقات کی اور ان کی گفتگو سے متاثر بھی ہوئیں۔حاضرین سے خطاب میں ڈسرکٹ 24سے امید واراسمبلی ممبر ڈیوڈ ویپرن اور جارجیا اسٹیٹ اسمبلی کے کم عمر ترین ڈیموکریٹ امیدوار اکبر نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ڈیوڈ ویپرن کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی سے ان کا تعلق کوئی نیا نہیں جبکہ اکبرعلی کا کہنا تھا کہ ان کا تجربہ رہا ہے کہ ایک بار منتخب ہونے کے بعد دوبارہ ووٹ صرف کار کردگی کی بنیاد پر حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
امریکی سیاستدانوں، منتخب نمائندوں،انتخابی امیدواروں اور کمیونٹی کے درمیان مختلف مسائل پرگفتگوبھی ہوئی ۔اس موقع پر کانگریس مین گریگری میکس اوراسٹیٹ سینیٹر جان لو کا کہنا تھا کہ مقررین کا کہنا تھا کہ الیکشن کسی بھی سطح کے ہوں،شہریوں کےآئینی اورقانون حقوق کے لیے ہمیشہ اہمیت کے حامل ہوتے ہیں،ووٹ کا استعمال ہی شہری، ریاستی اور قومی حکومت کی ترجیحات کا تعین کرتا ہے۔تقریب میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کاؤنٹر ٹیررازم کے کمانڈنگ آفیسر اور پہلے پاکستانی نژد انسپکٹر عدیل رانا نے بھی خصوصی شرکت کی۔ ووٹ کی اہمیت اور آگہی پر عدالتی امیدواروں نے بھی اپنے خیالات کا اظہارِخیال کیا۔تھرڈ ڈسٹرکٹ سول کورٹ جج کی امیدوار مشیل میک سوینی، کوئینز کاؤنٹی سول کورٹ جج کی امیدوارجینٹ ایلن کیلر، کوئینز سول کورٹ جج کے امیدوار ایڈورڈ ایریزیری، اور کوئینز کاؤنٹی سول کورٹ جج کے امیدوار ایڈمنڈ وونگ نے ووٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے اختتام پراے پیگ کے صدرعلی رشید نے تمام مہمانوں،عہدیداران اور کمیونٹی سےاظہار تشکر کیا۔آخر میں شرکا کے لیے ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔