امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی نئی پریس سیکرٹری کیٹی زیکاریا کو عہدہ سنبھالنے کے محض 5 دن بعد ہی برطرف کردیا، زیکاریا نے بھی سوشل میڈیا پر وائٹ ہاؤس سے روانگی کی تصدیق کردی۔
وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ اہلکار کے مطابق زیکاریا کی برطرفی مڈ ٹرم انتخابات سے چند ہفتے قبل سامنے آئی ہے۔ زیکاریا نے اپنے بیان میں صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قیادت کے ساتھ کام کرنے کو اعزاز قرار دیا۔ اس سے قبل جمعہ کو خود صدر ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے زیکاریا سے اس دباؤ والے عہدے پر رہنے سے متعلق فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کو کہا تھا۔ کیرولین لیوٹ کی معزولی کے بعد زیکاریا کو فوری طور پر ترجمان مقرر کیا گیا تھا، تاہم منگل کو ان کی پہلی 14 منٹ کی پریس بریفنگ ناکام رہی، جس میں وہ اپنے شوہر کو غلطی سے "صدر” کہہ بیٹھیں اور صرف تین کنزرویٹو میڈیا اداروں کے سوالات لے کر پوڈیم چھوڑ گئیں۔ بریفنگ کے بعد ان کی قانونی اہلیت پر بھی سوالات اٹھے، رپورٹس کے مطابق زیکاریا، جنہیں "اٹارنی” کہا جاتا تھا، بار امتحان پاس نہیں کرسکی تھیں۔ فوکس نیوز کے میزبانوں نے بھی ان سے سخت سوالات کیے، جس کے بعد وائٹ ہاؤس نے جمعہ کی شام ان کی برطرفی کا باقاعدہ اعلان کردیا۔