مین ہٹن کے علاقے مڈ ٹاؤن میں پورٹ اتھارٹی بس ٹرمینل کی تعمیر نو کے منصوبے کے باعث جمعرات سے بسوں کے روٹس اور مقامی ٹریفک میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
حکام کے مطابق لنکن ٹنل سے مڈ ٹاؤن آنے والی بسیں ویسٹ 39 اسٹریٹ اور 10ویں ایونیو کے گرد نئے عارضی روٹس پر منتقل کی جائیں گی، کیونکہ پرانے ریمپس ہٹائے جارہے ہیں۔ یہ تبدیلیاں 11 ارب ڈالر کے بس ٹرمینل تعمیر نو منصوبے کا حصہ ہیں، جو 75 سالہ پرانے ٹرمینل کو بڑھتے مسافروں اور بسوں کیلئے بہتر بنائے گا، اور اس کا سنگ بنیاد 2025 میں رکھا گیا تھا۔ حکام کے مطابق ویسٹ 39 اور 40 اسٹریٹ کے ساتھ ساتھ 9ویں اور 10ویں ایونیو پر مقامی ٹریفک متاثر ہوگا، تاہم صبح کی مخصوص بس لین کو تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ حکام نے مسافروں کو خاص طور پر رش آورز کے دوران اضافی وقت رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق این جے ٹرانزٹ مسافر بھی پورٹل برج کی تعمیر کے باعث متاثر ہیں، جس کے باعث بہت سے مسافر بسوں کا رخ کر رہے ہیں۔ منصوبے کا پہلا مرحلہ 2030 کے آخر تک مکمل ہوگا، جبکہ نیا بس ٹرمینل 2035 تک مکمل طور پر تیار ہوجائے گا۔