امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر فالماؤتھ کے رہائشی لیو اینزیوینو نے 6 ملین ڈالر سے زائد کے میڈیکیئر فراڈ کی رقم کی منی لانڈرنگ کی سازش میں جرم کا اعتراف کرلیا۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ملزم نے نیوہیمپشائر میں قائم کمپنی ایڈوانسڈ میڈیکل سپلائی کا بظاہر مالک بننا قبول کیا، جبکہ اصل مالکان اس کے ساتھی تھے۔ استغاثہ کے مطابق کمپنی نے میڈیکیئر کو ایسے طبی آلات کیلئے 6 ملین ڈالر سے زائد کے بل بھیجے جو مریضوں کو درکار نہیں تھے اور کسی ڈاکٹر نے تجویز بھی نہیں کیے تھے، جعلی ڈاکٹری نسخوں کی بنیاد پر میڈیکیئر نے 3 ملین ڈالر سے زائد کی ادائیگی کی۔ حکام کے مطابق متعدد مریضوں نے طبی آلات واپس بھیجتے ہوئے نوٹس لکھے کہ انہوں نے یہ آلات آرڈر ہی نہیں کیے اور یہ فراڈ ہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزم نے بینک کو جعلی دستاویزات دے کر خود کو کمپنی کا مالک ظاہر کیا، اور بعد ازاں ساتھی کی ہدایت پر 10 لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم دیگر کمپنیوں میں منتقل کرنے کی کوشش کی۔ حکام کے مطابق جب بینک نے شبہ ظاہر کیا تو ملزم نے دوسرے بینک میں نیا اکاؤنٹ کھول کر پانچ ہفتوں میں 14 لاکھ 94 ہزار ڈالر سے زائد کی رقم تین مختلف ٹرانزیکشنز میں منتقل کی، حالانکہ وہ جانتا تھا کہ کمپنی کا میڈیکیئر بلنگ لائسنس منسوخ ہوچکا ہے۔ حکام کے مطابق 2024 میں حکومت نے کمپنی کے بینک اکاؤنٹ سے تقریباً 3 لاکھ 53 ہزار ڈالر ضبط کیے تھے۔ ملزم کو زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے، سزا کا تعین 21 جنوری 2027 کو ہوگا۔