میکسیکو کی ریاست باجا کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، ادھر امریکا میں ہریکین ایسایاس سے اب تک 4 اموات ہوچکی ہیں۔
حکام کے مطابق باجا کیلیفورنیا کے شہر اینسینادا میں سیلابی ریلے نے گاڑیاں بہا دیں اور گھروں کو نقصان پہنچایا، جہاں 4 افراد پوسٹ ٹراپیکل سائیکلون ریچل کے اثرات سے جاں بحق ہوئے۔ حکام کے مطابق فوج نے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ایک فارم سے 32 افراد کو ریسکیو کیا، جن میں 22 غیرملکی شامل تھے، جبکہ 6 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ جنوب میں طوفان سائمن نے گوریرو ریاست کے بندرگاہی شہر اکاپلکو سمیت کئی علاقوں میں درخت اور بجلی کے کھمبے گرا دیے، جہاں دیوار گرنے سے ایک 71 سالہ شخص بھی جاں بحق ہوا۔ حکام کے مطابق طوفان سائمن کی رفتار 155 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور یہ ہفتے تک مغربی میکسیکو کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے، جس سے جان لیوا سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ ادھر امریکی ریاست کیلیفورنیا میں طوفان ریچل کے باعث لانگ بیچ میں سمندری لہروں نے بورڈ واک اور گھروں کو نقصان پہنچایا، جبکہ لاس ویگاس میں ایک دن میں ریکارڈ بارش ہوئی۔ امریکی جنوب مشرق میں ہریکین ایسایاس سے اب تک 4 اموات ہوچکی ہیں، جبکہ فلوریڈا پین ہینڈل اور جنوبی الاباما میں تقریباً ایک لاکھ 6 ہزار گھر تاحال بجلی سے محروم ہیں۔