vosa.tv
Voice of South Asia!

مکہ دفاعی اتحاد کا ہنگامی اجلاس، سعودی عرب میں فوجی تعیناتی کا فیصلہ

0

سعودی دارالحکومت ریاض میں مکہ دفاعی اتحاد کی سیاسی و دفاعی اسٹریٹجک کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں سعودی عرب کو درپیش سیکیورٹی خطرات اور حالیہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق اتحاد کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے کے لیے پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو تین سال کے لیے مکہ دفاعی اتحاد کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کردیا گیا ہے۔ وہ ریاض میں قائم ہونے والے اتحاد کے جنرل سیکریٹریٹ کی قیادت کریں گے۔اعلامیے میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں جبکہ سعودی شہروں، شہری اور اقتصادی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ پاکستان اور ترکیہ نے سعودی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔تینوں ممالک نے مشترکہ دفاعی ذمہ داریوں پر فوری عمل درآمد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق اس مقصد کے لیے متفقہ فوجی دستوں اور عسکری صلاحیتوں کی فراہمی اور انہیں سعودی عرب میں تیزی سے تعینات کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ کسی ایک رکن ملک کی سلامتی تینوں ممالک کی اجتماعی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔ تینوں ممالک نے مشترکہ دفاعی معاہدے کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اجتماعی دفاعی صلاحیت اور ممکنہ خطرات کے خلاف روک تھام کی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.