جدہ میں سعودی فوڈ شو 2026 اختتام پذیر، پاکستانی پویلین مرکزِ توجہ رہا
جدہ (رپورٹ: جہانگیر خان) سعودی عرب کے شہر جدہ میں غذائی شعبے اور فوڈ ٹیکنالوجی کی بڑی نمائش سعودی فوڈ شو 2026 اور سعودی فوڈ مینوفیکچرنگ 2026 تین روزہ سرگرمیوں کے بعد اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں۔
نمائش کے دوران سعودی عرب میں متعین سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا اور مختلف اسٹالز پر پاکستانی تاجروں اور کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے برآمدات بڑھانے کے لیے پاکستانی کمپنیوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی مارکیٹ میں پاکستانی چاول، مصالحہ جات، تیار شدہ غذائی مصنوعات اور ہربل مصنوعات کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔سفیرِ پاکستان نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ خلیجی ممالک کے خریداروں کے ساتھ نئے تجارتی معاہدوں کے حصول اور کاروباری روابط کے فروغ کے لیے پاکستانی کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرتا رہے گا۔جدہ کے معروف ڈیجیٹل فوڈ پلیٹ فارم جدہ ایٹریز کے بانی اور منتظمین سید رومی مظفر اور سید فہد مظفر نے بھی نمائش میں خصوصی شرکت کی اور ایونٹ کی براہِ راست کوریج کی۔ ان کی ٹیم نے جدید فوڈ ٹیکنالوجی، بین الاقوامی مصنوعات اور بالخصوص پاکستانی پویلین کو نمایاں طور پر اجاگر کیا۔سید رومی مظفر کے مطابق نمائش نے جدہ کے ریسٹورنٹ مالکان، شیفس اور ہوم شیفس کو عالمی سپلائرز سے براہِ راست روابط قائم کرنے کا اہم موقع فراہم کیا۔نمائش کے آخری روز اختتامی تقریب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کمپنیوں کو اختراعی مصنوعات اور پائیدار پیکیجنگ کے اعتراف میں سعودی فوڈ ایکسیلنس ایوارڈز سے نوازا گیا۔تقریب کے اختتام پر منتظمین، سفارتی نمائندوں اور مہمانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سعودی فوڈ شو خلیجی خطے میں غذائی تحفظ، جدید فوڈ مینوفیکچرنگ اور عالمی تجارتی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔