جی ٹرین کےمسافروں کےلیےبڑی خبر،دسمبرکی ویک اینڈ بندشیں ختم
نیویارک (نیوزڈیسک) شمالی بروکلین میں جی ٹرین دسمبر کے دوران معمول کے مطابق چلتی رہے گی۔ایم ٹی اے نے سرنگ کی مرمت کا کام مقررہ وقت سے پہلے مکمل ہونے کے بعد دسمبر کی تین ہفتہ وار بندشیں ختم کردی ہیں۔
امریکی ویب سائٹ ایم این وائی کے مطابق نیویارک میں جی ٹرین کی دسمبر میں متوقع تین مسلسل ویک اینڈ بندشیں منسوخ کردی گئی ہیں۔میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی کے مطابق گرین پوائنٹ اور لانگ آئی لینڈ سٹی کے درمیان سرنگ کی ضروری مرمت مقررہ وقت سے پہلے مکمل ہوگئی ہے، جس کے باعث دسمبر میں ویک اینڈ سروس معطل کرنے کی اب ضرورت نہیں رہی۔
یہ سرنگ 2012 کے ہریکین سینڈی کے دوران بری طرح متاثر ہوئی تھی، اور گزشتہ ایک سال کے دوران مرمتی کام کے باعث جی ٹرین کی سروس وقفے وقفے سے متاثر ہوتی رہی۔ایم ٹی اے کے مطابق گرین پوائنٹ اور نیوٹن کریک کے نیچے واقع سرنگ میں 6 ہزار 400 فٹ سے زیادہ گراؤٹنگ اور لیک ختم کرنے کا کام مکمل کیا گیا ہے۔دسمبر کی مجوزہ بندشوں سے مقامی کاروباری افراد بھی پریشان تھے۔
ایک رپورٹ کے مطابق جن کاروباروں کا سروے کیا گیا، ان میں زیادہ تر نے بندش والے ویک اینڈز کے دوران فروخت میں کم از کم 22 فیصد کمی کی اطلاع دی، جبکہ 39 فیصد کاروباروں کوعملے کی شفٹیں یا کام کے اوقات کم کرنا پڑے۔تاہم جی ٹرین کے مسافروں کے لیے تمام رکاوٹیں ابھی ختم نہیں ہوئیں۔
ایم ٹی اے کے مطابق اکتوبر کے بعض ویک اینڈز میں سروس متاثر ہونے کا شیڈول برقرار ہے، کیونکہ ٹرینوں کے کمیونیکیشنز بیسڈ ٹرین کنٹرول، یعنی سی بی ٹی سی سے متعلق کام ابھی جاری ہے۔یعنی دسمبر میں جی ٹرین معمول کے مطابق چلنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے، لیکن آنے والے مہینوں میں کچھ شیڈولڈ سروس تبدیلیاں اب بھی متوقع ہیں۔