بارش بھی مسلم ڈے پریڈ کا جوش نہ روک سکی، بڑی تعداد میں شہریوں کی شرکت
نیویارک: امریکی ریاست نیویارک میں خراب موسم اور مسلسل بارش کے باوجود سالانہ مسلم ڈے پریڈ جوش و خروش اور پروقار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف مساجد، اسلامی مراکز اور مسلم کمیونٹی کی سماجی تنظیموں سمیت بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔
27 ستمبر کو منعقد ہونے والی پریڈ کا موضوع ’’ایمان میں متحد، ثقافت میں منفرد‘‘ تھا، جبکہ شرکا نے امن، بھائی چارے اور انسانیت سے محبت کا پیغام اجاگر کیا۔ پریڈ میں کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن سمیت مختلف کمیونٹی تنظیموں نے بھرپور شرکت کی۔پریڈ کا آغاز 38ویں اسٹریٹ اور میڈیسن ایونیو سے ہوا، جہاں تلاوتِ کلام پاک کے بعد مسلم ڈے پریڈ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اہم رکن اور کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن کے روحِ رواں محمد رضوی نے خطاب کیا۔ اس کے بعد شرکا نے باجماعت نمازِ ظہر ادا کی۔نماز کے بعد بارش کے باوجود پریڈ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ بچوں، نوجوانوں، خواتین اور بزرگوں سمیت ہر عمر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنے مذہبی اور ثقافتی ورثے کا اظہار کیا۔پریڈ کے اختتام پر منعقدہ تقریب میں محمد رضوی نے شرکا اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا، جبکہ مختلف امریکی حکام اور کمیونٹی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور نیویارک کی تعمیر و ترقی میں مسلم کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔تقریب کے دوران میئر ممدانی کی جانب سے کمیونٹی خدمات کے اعتراف میں کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن اور اس کے روحِ رواں محمد رضوی کو خصوصی تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔ میئر آفس کے نمائندے نے یہ اسناد اسٹیج پر پیش کیں۔مسلم ڈے پریڈ کا اختتام اتحاد، امن، بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پیغام کے ساتھ ہوا۔