نیویارک 100 گولڈ اسٹریٹ منصوبے میں توسیع، اب تقریباً 4 ہزار نئے گھر تعمیر ہوں گے
نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے فنانشل ڈسٹرکٹ میں دفتری عمارت کو رہائشی منصوبے میں تبدیل کرنے کے پروگرام میں توسیع کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اب اپارٹمنٹس کی تعداد بڑھا کر تقریباً 4 ہزار کردی گئی ہے۔
میئر کے دفتر کے مطابق یہ منصوبہ 100 گولڈ اسٹریٹ پر واقع نو منزلہ عمارت کو ملٹی یوز ہائی رائز ڈویلپمنٹ میں تبدیل کرے گا، جہاں نئے گھروں کے ساتھ سینئر سینٹر بھی بنایا جائے گا۔ یہ منصوبہ سابق انتظامیہ کے اس معاہدے کا حصہ ہے جس کے تحت الزبتھ اسٹریٹ گارڈن پر تعمیراتی منصوبہ ختم کرکے اس ضلع میں نئی رہائش شامل کی گئی تھی۔ گزشتہ دسمبر میں سابق میئر ایرک ایڈمز نے جی ایف پی ریئل اسٹیٹ کو اس عمارت کی تعمیر نو کیلئے منتخب کیا تھا، جس میں فی الوقت محکمہ ہاؤسنگ پریزرویشن اینڈ ڈویلپمنٹ سمیت متعدد شہری ادارے قائم ہیں۔ نئے منصوبے کے مطابق 4 ہزار نئے گھروں میں سے ایک ہزار مستقل طور پر سستے اور کرایہ محدود اپارٹمنٹس ہوں گے، جبکہ ہملٹن میڈیسن ہاؤس کے موجودہ سینئر سینٹر کی جگہ نیا سینٹر بھی تعمیر کیا جائے گا۔ شہر کی اکنامک ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے جاری تصاویر میں تین ٹاورز دکھائے گئے ہیں، جن میں سب سے بڑا ٹاور تقریباً ایک ہزار فٹ بلند ہوگا۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ اگلے ماہ اسکوپنگ ہیئرنگ سے گزرے گا، جس کے بعد ماحولیاتی جائزہ اور 2027 میں یونیفارم لینڈ یوز ریویو پراسیس شروع ہوگا۔